روٹی کی قیمت چیک کرنے کیلیے چھاپے ، گرفتاریاں ، جرمانے ، پرائس مجسٹریٹس کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایات

May 13, 2024 | 11:15 PM

 راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)روٹی کی قیمت 15روپے چیک کرنے کیلیے چھاپے ، گرفتاریاں  اورجرمانوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ   پرائس مجسٹریٹس کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایات  کی گئی ہیں ۔ 

تفصیلات کے مطابق کمشنر  راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ تمام ڈی ایچ کیوز، ٹی ایچ کیوز اور سپیشلائزڈ ہیلتھ سینٹرز میں پینافلکسز آویزاں کروائے جائیں جہاں پر یہ تفاصیل درج ہوں کہ وہاں کونسی ادویات، ٹیسٹ اور طبی سہولیات مفت دستیاب ہیں نیز یہ کہ الٹرا ساؤنڈ و دیگر سہولیات کے بارے میں بھی درج ہوں کہ ان یہ فیس مقرر ہے۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے عوام کو علاج معالجے میں آسانی فراہم کرنا نیز اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مریضوں کو غیر ضروری طور پر کہیں ریفر نہ کیا جائے نہ ان سے کسی بھی جگہ زائد فیس لی جائے۔ اسکے علاوہ سرکاری دفاتر کے باہر بھی بڑے سائز کے پینافلیکسز میں مطلوبہ درخواست کے ساتھ تمام ضروری ڈاکومنٹس کی تفصیل درج کی جائیں تاکہ لوگ مکمل درخواستیں جمع کروائیں اور ان پر فوری کاروائی ہو سکے۔ عامر خٹک نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے میں مختلف سرکاری محکموں کا دورہ کر کے یہ پینافلیکسز چیک کریں گے۔ 
 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل کوارڈینیشن کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نذارت علی, ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سبطین کاظمی، ایم ڈی واسا اشرف خان، سی ای او راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی رانا صفدرو دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اٹک، جہلم، چکوال اور مری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
کمشنر نے ایڈیشنل کمشنر کوارڈنیشن سید نذارت علی کو ہدایت کی کہ ایسا میکینزم بنایا جائے جس کے تحت پتہ چل سکے کہ یہ درخواست کب موصول ہوئی اور کس کس دفتر نے اس کے پراسس کو کتنا وقت لگایا،اس سے مختلف دفاتر کی کارکردگی کا اندازہ ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام انتظامی افسران عوام کے لئے اپنے دفاتر کھلے رکھیں۔انہوں نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعلی پنجاب کے گڈ گورننس پروگرام کے لئے بنائے گئے مختلف انڈیکیٹرز کے تحت اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہترین بنائیں۔

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ گندم کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لئے پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں رہتے ہوئے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ روٹی کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنائیں۔

کمشنر راولپنڈی نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ چیکنگ کے دوران جرمانے  کا مقصد اصلاح رکھنا چاہیے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع اٹک اور جہلم میں پتیری روٹی کی قیمت 15 روپے کردی گئی ہے جب کہ کمشنر  نے بقیہ اضلاع میں بھی روٹی کی قیمت کم کرنے کی ہدایت کی۔ مقررہ قیمت کی انفورسمنٹ کے لئے پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر اپنے تندوروں کی چیکنگ کر رہے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مختلف چھاپوں کے دوران 41 خلاف ورزیاں رپورٹ ہونے پر 03 افراد کو گرفتار اور 01لاکھ 45 ہزار جرمانہ عائد کیاگیا۔

مزیدخبریں