وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا دورہ ہنگری،  بڈاپیسٹ میں سوئٹزرلینڈ، یورپی یونین اور انٹرنیشنل مائیگریشن آرگنائزیشن کے وزراء و سربراہان سے ملاقاتیں 

Nov 13, 2024 | 07:08 PM

بڈاپیسٹ( ڈیلی پاکستان آن لائن )  وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے  ہنگری کے شہر بڈاپیسٹ میں سوئٹزرلینڈ، یورپی یونین اور انٹرنیشنل مائیگریشن آرگنائزیشن کے وزراء و سربراہان نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں سوئٹزرلینڈ کی وزیر مائیگریشن کرسٹین شرنربورنر (Chirstine Schraner Burener) ۔یورپی یونین کے مائیگریشن و داخلہ امور کے سربراہ جوہانس لچنر(Johannes Luchner) اورانٹرنیشنل سنٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے سربراہ مائیکل سپنڈ لیگر( Michael Spindelegger ) شامل تھے۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی سمگلنگ روکنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں غیر قانونی مائیگریشن کے سدباب کے لیے مشترکہ اقدامات  کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کثیر الجہتی چیلنج بن چکا ہے، انٹرنیشنل مافیاز کے گٹھ جوڑ سے کوئی بھی ملک تنہا نہیں نمٹ سکتا۔  عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمگیریت پالیسی اختیار کرنا ہو گی۔  غیر قانونی مائیگریشن اور انسانی سمگلنگ کے سدباب کے لئے یورپی یونین اور مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ  کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، آج ہم پائیدار اقدامات کرکے نئی نسلوں کے لیے نسبتاً بہتر مستقبل چھوڑ سکتے ہیں، اس ضمن میں باہمی وفود کے تبادلوں اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اشتراک کار کو بڑھانا ہو گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے  مزید کہا کہ متعلقہ اداروں کے افسران کو خصوصی تربیت کیلئے سوئٹزرلینڈ، یورپی یونین اور انٹرنیشنل مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے تعاون ضروری ہے۔ تینوں وفود نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو باہمی اشتراک کار بڑھانے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ہنگری میں پاکستان کے سفیر  آصف حسین میمن اور متعلقہ سفارت کار بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں