بڈاپیسٹ۔ ہنگری( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگری میں بڈاپیسٹ پراسس کی ساتویں وزارتی کانفرنس میں شرکت کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بڈاپیسٹ پراسیس کی ساتویں وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2019 میں منعقدہ آخری وزارتی کانفرنس کے بعد سے متعدد اہم پیش رفت ہوچکی ہیں، آج ہمیں بہت سے اہم مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج اقوام عالم کو طویل تنازعات، اقتصادی عدم استحکام اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز درپیش ہیں اور ان چیلنجز نے دنیا بھر میں امیگریشن کے بہاؤ کو نئی شکل دی ہے، ان مسائل کی وجہ سے پیچیدہ چیلنجز جنم لے رہے ہیں، جن سے کوئی ایک ملک اکیلے نمٹ نہیں سکتا۔ ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے جامع بین الاقوامی حکمت عملی کی ضرورت ہے، صرف علامتی نہیں بلکہ بے قاعدہ امیگریشن کی بنیادی وجوہات کا حل ضروری ہے اور فوری پائیدار اقدامات کا متقاضی ہے۔ غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے پاکستان نے متعدد قانونی اور انتظامی اقدامات کیے ہیں، پاکستان نے اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی سمگلنگ میں ملوث مجرموں کے خلاف مؤثر طریقے سے قانونی چارہ جوئی کرنے کے لیے بااختیار بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ سے منسلک خطرات کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے، سرحدی کنٹرول کو مضبوط بنانےاور علاقائی و بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ قانونی امیگریشن کو فروغ دینے کے لیے یورپی یونین اور دیگر ممالک کے ساتھ دو طرفہ معاہدوں اور ٹیلنٹ پارٹنرشپ کو بڑھانے کے لیے بھر پور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں دنیا بھر میں تارکین وطن مخالف جذبات میں پریشان کن اضافہ دیکھا گیا ہے، اس رجحان کی وجہ سے ایک نیا اہم چیلنج سامنے آیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بڈاپیسٹ اعلامیہ کو اپنانے سے ایک متوازن نقطہ نظر کیلئے ایک نئی جہت پیدا ہوگی، لیکن اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں امیگریشن کے کسی ایک پہلو کو دوسرے پر ترجیح نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بڈاپیسٹ پراسس کے ساتھ ایک تعمیری اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کے لیے تیار ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اس انتہائی اہم اجلاس سے خطاب میرے لئے باعث اعزاز ہے، اس اجلاس کے انعقاد پر شریک میزبان ترکیہ اور ہنگری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بڈاپیسٹ کے خوبصورت اور تاریخی شہر میں پرتپاک استقبال پر ہنگری کی حکومت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں، بین الاقوامی سنٹر برائے مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کو اس اجلاس کے انعقاد کے لیے بھر پور کاوشوں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔