واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن گوانتاناموبے جیل بند کرنا چاہتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جیل کو بند کرنے سے متعلق ٹائم ٹیبل کے بارے میں ایک صحافی کے سوال کے جواب میں جین ساکی نے کہا ہم یقینا ایسا کرنا چاہتے ہیں ہم اسے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ نے متنازع جیل کو بند کرنے اور گوانتانامو بے میں امریکی فوجی جیل کے مستقبل کے بارے میں باضابطہ طور پر جائزہ لینے کا آغاز کیا ہے۔ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں اس جیل کو بند کرنے کے لیے ایگزیکٹو طریقہ کار پرعمل درآمد کیا جائےگا۔
یہ جیل 11 ستمبر 2001ء کو نیویارک اور واشنگٹن پر حملوں کے بعد قائم کی گئی تھی۔ نائن الیون حملوں میں ملوث دہشت گردوںکو گرفتار کرنے کے بعد گوانتا نامو جیلوں میں لے جایا گیا۔ گوانتا نامو جیل کے قیام اور اس میں قیدیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر انسانی حقوق کے اداروں کی طرف سے امریکی حکومتوں کو تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔