ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کے زیر اہتمام دوسری سالانہ ریڈیو کانفرنس

Feb 14, 2024 | 11:25 AM

 سیالکوٹ (عبدالشکور مرزا )  صدر پاکستان جرنلسٹس فورم متحدہ عرب امارات  طاہر منیر طاہر نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اب بھی ریڈیو کی بڑی اہمیت ہے۔ تمام حکومتیں سرکاری سطح پر اس کی ترویج و ترقی کے لیے خطیر رقوم خرچ کرتی ہیں اور اپنے عوام کو ریڈیو کے ذریعے اپنے ساتھ جوڑے رکھتی ہیں  اور قومی تشخص ابھارنے کا فریضہ سرانجام دیتی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب اور اس کی ساتھی تنظیمو ں مدینہ ٹرسٹ، سٹی میگ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ کنسرن، وسیم الیکٹرانکس، سائن ایج اور رحمان فاؤنڈیشن  فری ڈائیلسسز سینٹر سیالکوٹ کے اشتراک سے ریڈیو کے عالمی دن کے ٖحوالے سے استحکام پاکستان میں ریڈیو پاکستان کا کردار کے موضوع پر منعقدہ دوسری سالانہ انٹرنیشنل ریڈیو لسنرز کا نفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت وطن عزیز  کے ممتاز بزنس مین، کالم نگار اور سماجی رہنما محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ نے کی۔  کانفرنس میں قطر سے ممتاز شاعر و ریڈیو لسنر شوکت علی ناز، سعودی عرب سے کوآرڈینیٹر شہر اقبال فورم زاہد شریف، جرمنی سے ندیم احمد آف عدالت گڑھ سیالکوٹ نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ جرمنی سے ممتاز ریڈیو لسنر چودھری طارق خیام، انگلینڈ سے جاوید عنایت، کینیڈا سے ریڈیو ہمسفر کی  عذرا جہاں، ریڈیو آواز کی ثمینہ احمد،  جرمنی  سے جلیل آواز ایف ایم ریڈیو  اور ریڈیوپاکستان عالمی سروس اسلام آباد کے اسٹیشن ڈائریکٹر اکمل شہزاد گھمن  ہوا کے دوش پر پروگرام میں شریک ہوئے۔ تقریب میں چیئرمین سیالکوٹ کلچرل اینڈ آرٹ سینٹر خالد لطیف، سیالکوٹ ٹورزم اینڈ کلچرل فورم کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالشکور مرزا،  پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر آفتاب حسین ناگرہ ایڈووکیٹ، سابق صدر سیالکوٹ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شاہد میر ایڈووکیٹ، کرکٹ کے عالمی شہرت یافتہ شیدائی صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ،  صدر ماڈل ٹاؤن سوسائٹی سجاول علی وسیم،  سینئر نائب صدر  پنجاب کوآپریٹو یونین حسن وسیم، اسٹیشن  ڈا ئریکٹر ریڈیو پاکستان ایف ایم 101  سیالکوٹ احمد رضا  عامر چیمہ، پروگرام پروڈیوسر  انجم چودھری،  بانی چیئرمین اہل سخن پاکستان عامر شریف، کوآرڈینیٹر  رحمان فاؤنڈیشن  فری ڈائیلسسز سینٹر سیالکوٹ  صوفی محمد یونس چودھری،   بین الاقوامی سیاح مقصود احمد چغتائی، آر جے سید محمود گیلانی،  ریڈیو لسنر مجسم زرخیز خواجہ، محمد امجد رمضان ایڈووکیٹ، صفیہ فاؤنڈیشن کی سربراہ  شمسہ کنول،  چیئرمین پی ایف سی ڈی مرزا  عمران بیگ،  وحید احمد غوری، بانی صدر سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب  لیاقت علی , اوورسیز پاکستانی اکبر جمیل باجوہ ,  سینٸر صحافی ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور دیگر شامل تھے۔  مہمان خصوصی طاہر منیر طاہر نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس پر قیام پاکستان کا اعلان ہوا جبکہ جنگ ستمبر 1965  اور جنگ دسمبر 1971 میں قوم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنانے میں بھی ایک کلیدی کردار ادا کرکے افواج پاکستان اور عوام کا حوصلہ بڑھایا تھا۔ اب بھی جہاں ٹیلیویژن کی رسائی ممکن نہیں وہاں ریڈیو ہی ذریعہ ابلاغ کا اہم فریضہ سرانجام دے رہا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں  سرکاری سرپرستی نہ ہونے کی وجہ ریڈیو پاکستان مالی بحران سے دوچار ہے  اور دم توڑ رہا ہے جبکہ پرائیویٹ طور ایف ایم ریڈیو سوائے گانے سنانے اور اردو کے پروگراموں میں انگریزی کی بھرمار کرکے علاقائی زبانوں کا بھی ستیاناس کر رہے ہیں۔ سرکاری اور غیر سرکاری ریڈیو کی انتظامیہ سامعین کی رائے کو شامل کئے بغیر ہی اپنے پروگرام مرتب کرتے ہیں جس کی وجہ سے ریڈیو کا معیار بھی گر رہا ہے۔مہمان خصوصی طاہر منیر طاہر نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ریڈیو پاکستان کے لئے  مالی وسائل فراہم کرنے میں فراخ  دلی کا مظاہر ہ کرنا چاہیے۔ جبکہ ریڈیو پاکستان کے میڈم ویو پر چلنے والے تمام ریڈیو اسٹیشنوں پر نئے اور طاقت ور ٹرانسمیٹر لگا کر اپنی نشریات کا دائرہ مزید وسیع کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھاکہ ریڈیو پاکستان ملتان  1035 کلو ہرٹس کی نشریات آج بھی دبئی میں سنی جاتی ہیں جنہیں سمندرپا رمقیم  پاکستانی بڑے شوق سے سنتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریڈیو پاکستان اسلام آباد سمیت تمام ریڈیو اسٹیشنوں میں طاقت ور ٹرانسمیٹر لگائے جائیں اور پرگرا موں کو مرتب کرتے وقت سامعین سے بھی مشاورت کر لی جائے تو آج بھی ریڈیو پاکستان ایک موثر ذریعہ ابلاغ ثابت ہو سکتا ہے۔ طاہر منیر طاہر نے  سیالکوٹ میں ریڈیو پاکستان ایف ایم 101  میں جنریٹر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنی طرف سے عطیے کا اعلان بھی کیا۔  صدر تقریب محمد خالد وسیم ایڈووکیٹ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کو شہر اقبال کے درد دل رکھنے والی شخصیات خالد لطیف اور عبدالشکور مرزا کی سرپرستی حاصل ہے جبکہ صدر زاہد حسین  اور ان کی ٹیم  دوسری انٹرنیشنل  ریڈیو لسنرز کانفرنس کا انعقاد کرنے پر مبارک باد کی مستحق ہے۔ محمدخالد وسیم نے کہا کہ ریڈیوابلاغ کا ایک بڑا موثر ذریعہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے اس کی سرکاری سطح پر سرپرستی کی جائے۔ ریڈیو پاکستان نے پاکستان میں نامور شخصیات کو متعارف کروانے میں  تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ صوفی عبدالجلیل چاچا کرکٹ،  احمد رضا عامر چیمہ، محترمہ انجم  چودھری، عامر شریف،صوفی ہمایوں الخودی نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں