لاہور میں شیخ مجیب الرحمن نے بڑی سختی سے کہا کہ اگر میرے جلسے کو خراب کیا گیا تو پھر مولانا مودودی کا طیارہ ڈھاکہ میں لینڈ نہیں کر سکے گا

Nov 14, 2024 | 09:53 PM

مصنف:جسٹس (ر) بشیر اے مجاہد 
 قسط:84
بہت سے ایسے دو نمبر ڈاکٹروں کے ڈرگ انسپکٹر اس الزام میں بھی چالان کر دیتے ہیں کہ یہ لوگ انڈیا کی بنی ہوئی اور سمگل شدہ ادویات استعمال اور فروخت کرتے ہیں۔ جس پر یہ ڈاکٹر عدالت میں بیان دیتے ہیں کہ لاہورمیں شاہ عالم مارکیٹ اور لاہوری گیٹ ڈرگ مارکیٹ بھارتی سمگل شدہ ادویات سے بھری ہوئی ہیں۔ کوئی ذمہ دار وہاں جا کر دیکھے کہ یہ ادویات کہاں سے آتی ہیں۔ اس سلسلہ میں میں نے کئی بار حکومت کو مشورے دیئے ہیں کہ حکومت اس سلسلہ میں اقدامات کرے اور اس سمگلنگ کو روک کر جائز کاروبار کے لئے اجازت نامے حاصل کریں۔ اوراس سلسلہ میں اہم اقدامات اور جامع پروگرام بنایا جائے اوربڑے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالیں مگر حکومت کی طرف سے کوئی ہمت افزائی نہیں ہوتی۔ 
شیخ مجیب الرحمن کا موقف کیا تھا؟
عام انتخابات سے چند ہفتے قبل شیخ مجیب الرحمن لاہور تشریف لائے تھے۔ انہوں نے لاہور کے مشہور ناصر باغ میں ایک جلسۂ عام سے خطاب بھی کیا تھا۔ بہت سے لوگ آج بھی زندہ و سلامت موجود ہیں جنہوں نے اس جلسۂ عام میں شرکت کی تھی۔ اس جلسہ میں چند ہزار افراد موجود تھے۔ ان میں وہ لوگ بھی تھے جو دل سے مجیب الرحمن کو پسند کرتے تھے اور شیخ مجیب الرحمن کے مخالفین بھی موجود تھے۔ یہاں جلسہ عام سے خطاب کرنے کے دوران جب جلسہ کے کچھ شرکاء نے شور مچانا شروع کیا اور شیخ کے خلاف نعرے شروع کئے تو شیخ مجیب الرحمن نے بڑی سختی سے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکن جلسہ کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ اگر میرے اس جلسہ کو خراب کیا گیا تو پھر مولانا مودودی کا طیارہ ڈھاکہ میں لینڈ نہیں کر سکے گا……!
شیخ مجیب الرحمن کا یہ جارحانہ انداز دیکھ کر جلسہ پر سکوت سا چھا گیا اور اس کے بعد معمولی نعرہ بازی کے سوا کوئی بدمزگی نہ ہوئی۔ جلسہ کے بعد مقامی اخبارات کے رپورٹروں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ مجیب الرحمن نے کہا: 
1:صرف مسلمان ہونا مشرقی اور مغربی پاکستان کے عوام کے لئے کافی نہیں ہے۔ مغربی پاکستان والوں کو مشرقی پاکستان کے ساتھ رہنے کے لئے مزید زیادہ مضبوط بنیادوں کی ضرورت ہے۔
2:اگر آپ صرف مسلمان ہونے کی بنیاد پر دونوں حصوں کو متحد رکھنا چاہتے ہیں تو پھر افغانستان اور ایران بھی مسلمان ہیں آپ ان سے متحد کیوں نہیں ……؟
3:مشرقی پاکستان کے عوام جن محرومیوں کا شکار ہیں اُس کا سنجیدگی سے جائزہ لیں …… اُن وجوہات پر بات کریں۔
شیخ مجیب الرحمن کو کہا گیا کہ مغربی پاکستان کے عوام مشرقی پاکستان کے عوام سے زیادہ خوشحال ہیں۔ اس کی وجہ مشرقی پاکستان کے عوام کا استحصال نہیں ہے بلکہ گذشتہ صدیوں سے یہ علاقے خوشحال ہیں۔ مشرقی پاکستان کی پس ماندگی آہستہ آہستہ دور ہو رہی ہے…… مگر شیخ مجیب الرحمن ان دلائل کو مسترد کرتے ہوئے اپنی گاڑی میں بیٹھ گئے…… اور یہ اُن کا اپنی مرضی سے مغربی پاکستان کا آخری دورہ تھا۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزیدخبریں