اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست خارج کردی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی درخواست عدم پیروی پر خارج کردی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے احکامات جاری کئے،بشریٰ بی بی کے وکلا کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کااظہار کیا۔
دوران سماعت سٹیٹ کونسل نے کہاکہ عید پر بانی پی ٹی آئی ا ور بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی ہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ یہ وہ بھی نہیں چاہتے کہ گھر سے جیل چلی جائیں،جو انہوں نے ریلیف مانگا ہے پتہ نہیں وہ چاہتے بھی ہیں یا نہیں،عدالت کے ساتھ سیاست کھیل رہے ہیں،مذاق بنا ہوا ہے، کہا بھی تھا آج سن کر اس کیس کا فیصلہ کریں گے پھر بھی نہیں آئے۔
عدالت نے سٹیٹ کونسل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ سائیڈ بھی ٹھیک کام نہیں کر رہی اور آپ بھی ٹھیک نہیں کر رہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ شعیب شاہین آئے تھے وہ بھی چلے گئے واپس نہیں آئے۔