شہباز شریف کا شوگر ملوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

شہباز شریف کا شوگر ملوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم
شہباز شریف کا شوگر ملوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس چوری اور کم ٹیکس دینے والی شوگر ملوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کا حکم دے دیا۔سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ شہباز شریف کی زیر صدارت محصولات میں بہتری کے لیے اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب اور نگرانی پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیرا عظم نے محصولات کی وصولی کے لیے بنائی گئی حکمت عملی کے نفاذ پر عملدرآمد کے حوالےسے سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کے بعد محصولات کی وصولی میں بہتری آئے گی۔

 شہباز شریف نے مزید کہا کہ ان اصلاحات سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہو گا اور قیمتوں میں توازن قائم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، چینی کے اسٹاک کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ چینی کی سپلائی متاثر نہ ہو۔

شہباز شریف نے ٹیکس چوری اور کم ٹیکس دینے والی شوگر ملوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ایف بی آر ویلیو چین کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی احکامات اور ٹیکس نہ دینے کی صورت میں سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔شہباز شریف نے سیمنٹ اور ٹوبیکو انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مزید :

قومی -