جی ایچ کیو حملہ کیس؛ شیریں مزاری سمیت مزید9ملزمان پر فردجرم عائد

Dec 16, 2024 | 01:57 PM

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیریں مزاری اور طاہر صادق سمیت مزید 9ملزمان پر فردجرم عائد کردی۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں جی ایچ کیو حملہ کیس  کی سماعت ہوئی،اے ٹی سی کے جج امجد شاہ نے کیس کی سماعت کی،عدالت نے مزید 9ملزمان پر فرد جرم عائد کردی،شیریں مزاری، راشد حفیظ، منیر، خادم حسین کھوکھر، ذاکراللہ،عظیم اللہ، طاہر صادق، مہرجاوید،چودھری آصف پر فردجرم عائد کی گئی۔ملزمان نے عدالت کے رو برو صحت جرم سے انکار کردیا۔

شاہ محمود قریشی، اجمل صابراور سکندر زیب نے فردجرم کی شیٹ پر دستخط سے انکار کردیا،ملزمان کا موقف تھا کہ ہمارے خلاف ثبوت ناکافی ہیں،ہماری 265ڈی کی درخواست پر پہلے سماعت کی جائے،شاہ محمود قریشی پر جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی،عدالت نے شاہ محمود قریشی کی 265ڈی کی درخواست آئندہ سماعت کیلئے مقرر کردی۔

سپیشل پبلک پراسیکیوٹر نوید ملک اورظہر شاہ عدالت میں پیش ہوئے،پراسیکیوشن کی جانب سے غیرحاضر ملزمان کی ضمانت منسوخی کی استدعاکی گئی، عدالت نے علی امین گنڈاپور سمیت 23ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقراررکھتے ہوئے نوٹس جاری کردیئے اور سماعت 19دسمبر تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں کل 98ملزمان پر فردجرم عائد ہو چکی ہے۔

مزیدخبریں