راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )ملکہ کوہسار مری میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر زہسپتال مری میں ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے خصوصی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد نعمان شوکت، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال مری ڈاکٹر نیاز خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈی سی مری نے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر خصوصی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ خصوصی انسداد پولیو مہم کا مقصد بچوں کو معذوری سے بچانا ہے۔ پولیو کے2 قطرے پلا کر ہم اپنے بچوں کو معذوری سے بچا سکتے ہیں۔والدین پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں پولیو ورکرز مہم کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری سرد اور پہاڑی دشوار علاقہ ہے۔ پولیو ورکرز ان علاقوں میں گھر گھر جا کر اپنا قومی فریضہ ادا کر رہے ہیں۔