راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ میں ساری زندگی جیل میں گزارنے کے لئے تیار ہوں لیکن کسی کے آگے نہیں جھکوں گا۔
اڈیالہ جیل میں کیس میں سماعت کے دوران وکلا اور پی ٹی آئی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سب سے پہلے آپ نے گھبرانا نہیں، قوم تیار رہے، میں جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جلد از جلد 9 مئی واقعات اور 26 نومبر کے اسلام آباد قتل عام کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کے تعین کے لئے آزادانہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے جس میں سینئر ترین سپریم کورٹ ججز شامل ہوں۔
عمران خان نے کہاکہ اللہ الحق ہے، وہ حق سچ کا خدا ہے اور صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، ہم سب اس ملک کی حقیقی آزادی کے لئے قربانی دے رہے ہیں۔ آپ نے صبر کرنا ہے اور میرے ساتھ مل کر ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ ڈی چوک میں نہتے اور پ±رامن شہریوں پر بلااشتعال گولیاں چلائی گئیں، ہم اس واقعہ کو کبھی بھی بھولنے نہیں دیں گے اور اپنے کارکنوں اور شہدا کو انصاف دلائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ مجھے کارکنوں اور وکلا نے بتایا ہے کہ ابھی تک سامنے آنے والے 12 شہدا وہ ہیں جنہیں 26 نومبر کو مغرب سے پہلے شہید کیا گیا اور باقی لوگوں کو رات کو علاقے کی بجلی بند کروا کر گولیاں ماری گئی ہیں۔ ان کو کدھر غائب کیا گیا ہے؟ ابھی بھی درجنوں افراد لاپتا ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لاپتا افراد کو تلاش کرنا اور تمام ڈیٹا سامنے لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میڈیا سمیت ہزاروں لوگوں نے اندھا دھند فائرنگ اور بربریت اپنی آنکھوں سے دیکھی اور اس کے بعد ہسپتالوں کا ریکارڈ غائب کرنے اور شہدا کی لاشیں ورثا کو فراہم کرنے سے انکار کی بھی میڈیا رپورٹس موجود ہیں۔