ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اداکارہ کرشمہ تنا کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ ان کا یہ بیان سیف علی خان پر حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔ کرشمہ تنا سیف علی خان اور کرینہ کپور خان کے گھر کے قریب باندرہ ویسٹ کی اسی گلی میں واقع ایک عمارت میں رہتی ہیں۔
کرشمہ تنا نے ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا "اس وقت باہر کا منظر دیوانگی سے بھرا ہوا ہے، پولیس اور میڈیا ہر جگہ موجود ہیں۔ یہ واقعہ باندرہ کی اکیلی عمارتوں کے لیے ایک انتباہ ہے۔" انہوں نے مزید کہا "میں ایک سال سے زیادہ عرصے سے اپنی ہاؤسنگ سوسائٹی سے سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کر رہی ہوں۔ واچ مین کو مناسب تربیت کی ضرورت ہے کیونکہ وہ ایسے ہنگامی حالات کو سنبھالنے کے قابل نہیں ہوتے۔ اگر کوئی چور اندر گھس جائے تو ایک خاندان اپنی حفاظت کیسے کرے گا؟ یہ خوفناک ہے۔"
کرشمہ تنا نے کہا "مجھے امید ہے کہ لوگ اس واقعے سے سبق سیکھیں گے۔ کسی بھی خاندان کو اس قسم کی صورتحال سے نہیں گزرنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ میری عمارت اب اپنی سیکیورٹی کو مزید مضبوط کرے گی اور مزید گارڈز کو تعینات کرے گی۔"
سیف علی خان پر رات اس وقت حملہ ہوا جب ایک ملزم ان کے ممبئی کے رہائشی گھر میں داخل ہو گیا۔ حملہ آور کے چاقو کے وار سے سیف علی خان کو چھ زخم آئے۔ اداکار کو فوری طور پر رات ساڑھے تین بجے ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا آپریشن کیا گیا۔ فی الحال وہ صحت یابی کے عمل سے گزر رہے ہیں اور ڈاکٹرز ان کی حالت پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔