نیویارک ( بیورو نیوز) امریکن طبی ماہرین نے دانتوں سے ناخن کترنے کی عادت کو نہایت خطرناک قرار دے دیا۔ نیویارک ویل کورنیل میڈیکل کالج میں ڈرما ٹالوجسٹ رچرڈ شیر کا کہنا ہے کہ دانتوں سے ناخن چبانے کا نقصان اس سے کہیں زیادہ ہے، جتنا ہم اس بارے میں سوچتے ہیں۔ ہر طرح کے جراثیم ہمارے ناخنوں کے نیچے چھپے بیٹھے ہوتے ہیں، جو دانتوں سے ناخن چباتے وقت اندر چلے جاتے ہیں۔ منہ اور معدے میں پہنچنے والے ان جراثیم کی وجہ سے اسہال، انتڑیوںکی سوزش سمیت معدے کے متعدد امراض جنم لے لیتے ہیں۔ ڈاکٹر رچرڈ کا مزید کہنا ہے کہ دانتوں سے ناخن چبانے والے انگلیوں کے ناخن کے گرد سوزش کی بیماری کا بھی شکار ہوسکتے ہیں، جس میں بعدازاں پیپ پیدا ہونے کی وجہ سے آپریشن کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہتا۔ منہ سے ناخن کترنے سے ایچ پی وی نامی وائرس انگلیوں سے منہ تک پہنچ کر دانتوں کے مسائل پیدا کرتا ہے۔ رچرڈ کہتے ہیںکہ دانتوں سے ناخن چبانے کی عادت کا چھوڑنا مشکل کام ہے لیکن ایسا کرنا ضروری ہے۔ دانتوں سے ناخن چبانا ایک نفسیاتی مسئلہ ہے، جسے ماہرین کی مدد سے حل کیا جا سکتا ہے۔