لاہور ( آئی این پی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ساہیوال کی معروف سیاسی شخصیت وسابق وفاقی وزیر چوہدری نوریز شکور نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پنجاب میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ملاقات کے دوران ملک میں رواداری کی سیاست کے فروغ اور استحکام پاکستان کیلئے چوہدری شجاعت حسین کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
چوہدری نوریز شکور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں پارٹی کو ہرسطح پر مضبوط اور متحرک کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے گئے ہیں۔قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی کے بننے سے ٹیکسٹائل سیکٹر فروغ پائے گا ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ پانے سے ملک کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔پنجاب میں تیزی سے لگنے والے کارخانوں سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں مل کر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے،ساہیوال میں ویمن انکو بیشن سینٹر بنایا جائے گا۔ چوہدری نوریز شکور نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری،برداشت اور شرافت کی سیاست کی ہے ان سے دیرینہ تعلقات ہیں اور وہ نہایت ملنسار شخصیت ہیں جلد پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کروں گا۔
ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق صدر وسابق چئیرمن لاہور جمخانہ کلب مصباح الرحمن،مسلم لیگ ساہیوال ڈویژن ویمن کی صدر حمیرا بخآری،پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرھاد شاہ اور ساہیوال ڈویژن کی سیاسی وسماجی شخصیات بھی ملاقات میں موجود تھیں۔