خاتون نے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا تو ایسا انکشاف کہ پیروں تلے زمین نکل گئی، بوائے فرینڈ سوتیلا بھائی نکل آیا

خاتون نے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا تو ایسا انکشاف کہ پیروں تلے زمین نکل گئی، بوائے ...
خاتون نے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا تو ایسا انکشاف کہ پیروں تلے زمین نکل گئی، بوائے فرینڈ سوتیلا بھائی نکل آیا
سورس: Wikimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈی این اے ٹیسٹ کرانا آج کل ایک عام بات ہو چکی ہے، خاص طور پر مغربی ممالک میں، جہاں لوگ اپنی نسل اور خاندانی پس منظر جاننے کے لیے آن لائن ٹیسٹ کٹس منگوا کر خود ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ایک امریکی خاتون نے اپنے مسلسل صحت کے مسائل کی وجہ سے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا، مگر جو حقیقت سامنے آئی، وہ اتنی حیران کن تھی کہ اس کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔

نیویارک پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق کنیکٹیکٹ کی رہائشی اور دو بچوں کی ماں وکٹوریا ہل حال ہی میں برطانیہ کے مشہور شو ’دس مارننگ‘ میں نظر آئیں، جہاں انہوں نے اپنی کہانی شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اکثر بیماریوں میں مبتلا رہتی تھیں، جس کی وجہ جاننے کے لیے انہوں نے ’23 اینڈ می‘ نامی ڈی این اے سروس کے ذریعے اپنا ٹیسٹ کرایا۔ کچھ دن بعد انہیں اپنے موبائل پر ایک پیغام ملا جس میں بتایا گیا کہ ان کی ایک بہن بھی ہے۔ یہ سن کر وہ حیران رہ گئیں۔

یہ معاملہ فرٹیلٹی فراڈ کا نکلا مگر سب سے بڑا دھچکا تب لگا جب ان کے بوائے فرینڈ نے انکشاف کیا کہ وہ دراصل ان کا سوتیلا بھائی ہے۔ اسی لمحے وکٹوریا کو حقیقت کا مکمل ادراک ہوا اور انہیں پتہ چلا کہ یہ سب ایک فرٹیلٹی سکینڈل کا حصہ ہے۔

فرٹیلٹی فراڈ دراصل اس عمل کو کہتے ہیں جس میں کسی فرٹیلٹی کلینک میں مریض کو بتائے بغیر کسی اور کے نطفے، بیضے یا ایمبریو کا استعمال کیا جاتا ہے۔ وکٹوریا کو شروع میں اس پر یقین نہیں آیا، مگر پھر انہیں ایک خاتون کے متعدد ای میلز یاد آئے، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ ان کی سوتیلی بہن ہیں۔ وہ خاتون پوچھ رہی تھیں کہ آیا وکٹوریا کی والدہ نے بھی ییل فرٹیلٹی کلینک سے علاج کروایا تھا۔

بعد میں معلوم ہوا کہ کلینک کے ایک ڈاکٹر نے دھوکہ دہی سے اپنا نطفہ استعمال کیا تھا، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں وکٹوریا کے کئی سوتیلے بہن بھائی پیدا ہوئے۔ ڈاکٹر کو عدالت نے مجرم قرار دے دیا، مگر وکٹوریا کے لیے سب سے بڑا صدمہ یہ تھا کہ ان کا بوائے فرینڈ بھی انہی سوتیلے بھائیوں میں شامل تھا۔ اب وکٹوریا اپنی کہانی شیئر کر کے دنیا کو اس مسئلے سے آگاہ کرنا چاہتی ہیں تاکہ دیگر لوگ بھی اس قسم کے دھوکے سے بچ سکیں۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -