ایک ایسے واقعے کا ایشو بنایا گیا جو سرے سے ہوا ہی نہیں تھا، وہ بچی زیادتی کا نہیں گھٹیا سیاست کا شکار ہوئی : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز 

Oct 16, 2024 | 03:27 PM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ایک ایسے واقعے کا ایشو بنایا گیا جو سرے سے ہوا ہی نہیں تھا،سوشل میڈیا کے ذریعے طلباء کو گمراہ کرکے ایک مہم چلانے کی کوشش کی گئی،سوشل میڈیا پر ایسے الزامات لگائے جن کا کوئی وجود ہی نہیں تھا،وہ بچی زیادتی کا نہیں گھٹیا سیاست کا شکار ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل "جیو نیوز "کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کو رپورٹ ملی ایک نجی کالج میں زیادتی کا واقعہ ہوا،ہم آج تک متاثرہ بچی کی تلاش میں ہیں،10اکتوبر کو واقعہ رپورٹ ہوا، بچی اس دن کالج میں موجود ہی نہیں تھی،جب جھوٹا واقعہ رپورٹ ہوا اس دن بچی کالج میں تھی ہی نہیں ،بچوں سے پوچھا گیا تو بچوں کو پتہ نہیں تھا کہ ایشو کیا ہے۔

ان کاکہناتھا کہ پی ٹی آئی نے اس واقعے کو انتشار کیلئے استعمال کیا،بار بار احتجاج کی ناکامی کے بعد انہوں نے خطرناک منصوبہ بنایا،تحریک انصاف دہشتگرد جماعت ہے،اس واقعے کے پیچھے کون کون ہیں سب کو اچھی طرح جانتی ہوں۔جس بچی پر الزام لگایا گیا وہ  2 تاریخ سے ہسپتال میں داخل تھی،جس گارڈ پر الزام لگا اس کو پولیس نے تحویل میں لیا،آئی سی یو میں پڑی بچی کو ریپ وکٹم بنا دیا گیا،عینی شاہد کوئی تھا ہی نہیں کیونکہ ایسا واقعہ ہوا ہی نہیں تھا، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پوراریکارڈ دیکھا ہے،ایک جھوٹی داستان کو ایشو بنایا گیا۔

مریم نواز نے کہاکہ بچی کی والدہ نے کہاسازشی کردار کو بے نقاب کرنا آپ کی ذمے داری ہے، بچی کے والد اور چچا نےبیان دیا کہ ان کی بچی کے ساتھ کچھ نہیں ہوا،کہا گیا کہ سی سی ٹی وی ویڈیوز مٹا دی گئیں، ہمارے وزیر تعلیم نے بچوں کا الزام دہرایاتھا۔

انہوں نے کہاکہ آپ کی سیاست اتنی گر چکی ہے کہ آپ لاشوں کی سیاست پر اتر آئے ہیں،بچی بالکل پاک صاف ہے اس پر غلط الزامات لگے،پی ٹی آئی کو آئینے میں اپنا گھناؤنا چہرہ دیکھنا چاہیے،اگر آپ کی سیاست شیطانیت اور حیوانیت کی ہے تو آپ کو وہیں ہونا چاہیے جہاں آپ ہیں،وہ بچی زیادتی کا نہیں گھٹیا سیاست کا شکار ہوئی ہے،اس کیس میں پنجاب حکومت کو مدعی بننا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے،گجرات میں طلباء کے ساتھ کچھ دوسرے لوگ بھی تھے جنہیں سیاسی جماعت نے اکسایا،اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کیلئے مہم چلائی گئی۔ بچی، اس کی ماں، والد، بہنوں کے نقصان کا ازالہ کون کرے گا، اپنی حکومت میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دوں گی،میں صرف وزیراعلیٰ نہیں خواتین کی نمائندہ بھی ہوں، مریم نواز نے کہاکہ  میں نے وزیر تعلیم سے کہا ہے کہ انہیں  کسی کالج کی رجسٹریشن معطل کرنی  نہیں چاہیے۔

مزیدخبریں