ایس سی او اجلاس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا، اسحاق ڈار

Oct 16, 2024 | 05:07 PM


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔
اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل ایس سی او کے ہمراہ مشرکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، 23 ویں ایس سی او سربراہی اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ تمام برادر ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس اجلاس میں شرکت کی، ہم ان ممالک کے اجلاس میں مثبت کردار ادا کرنے کو سراہتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے اجلاس کے صدر کے طور پر علاقائی تعاون کو فروغ دینے، ماحولیاتی تحفظ، غربت کے خاتمے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے جیسے اقدامات کئے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے تمام رکن ممالک کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے علاقائی ترقی میں پائیدار کردار ادا کرنے کے لئے فعال کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں ایس سی او کے متعلقہ فورمز نے تعاون کے نئے شعبوں پر کام کرنے کے لئے اتفاق کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان شعبوں میں معاشی ترقی کے لئے اور معیشت کے فروغ کے لئے فریم ورک طے کرنے کے حوالے سے نئے شعبوں کا قیام عمل میں لانا ہے، تمام سربراہان مملکت نے اجلاس میں شنگھائی سپرٹ کے جذبے کا اعادہ کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آج اپنے بیان میں واضح طور پر پاکستان کی جانب سے ایس سی او کے چارٹر میں درج مقاصد کو حاصل کرنے کا اعادہ کیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ اجلاس کے مشترکہ اعلامیے پر سربراہان نے دستخط کیے ہیں جس میں سربراہان نے گرین ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل اکانومی، تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں رکن ممالک کے استعداد کار بڑھانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس میں آج ہونے والے فیصلوں میں 2025 کے اجلاس کے لئے بجٹ اور دو مستقل باڈیز ایس سی او سیکرٹریٹ اور ریجنل اینٹی ٹیررازم سٹرکچر کے لئے انسانی وسائل فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ایس سی او ممالک کے درمیان باہمی عزت و احترام سے بہتر اور ائیدار مستقبل کے لئے ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں