سابق رکن اسمبلی پر قاتلانہ حملے کے الزام میں پولیس افسر گرفتار
گھوٹکی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس نے سابق رکن سندھ اسمبلی سردار شہریار خان شر پر حملے میں ملوث ایس ایچ او عبدالشکور لاکھو کو گرفتار کرلیا۔
گھوٹکی پولیس کے مطابق 2 روز قبل سابق رکن سندھ اسمبلی شہریار خان شر کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی، واقعے میں سابق ایم پی اے کے 2 ساتھی جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔ایس ایس پی گھوٹکی حفیظ الرحمان بگٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ شہید دین محمد لغاری میں مقتول علی محمد شر کے بھائی ممتاز شر کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں شہید دین محمد لغاری تھانے کے ایس ایچ او عبدالشکور لاکھو سمیت 20 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ مدعی مقدمہ نے ایس ایچ او پر سابق ایم پی اے پر حملے کی منصوبہ کا الزام لگایا گیا ہے، پولیس نے ایس ایچ او کو گرفتار کر لیا ہے، دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔