چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم کا بڑا فیصلہ ،ارشد انصاری سمیت صحافیوں کو جاری نوٹس پر حکم امتناع جاری، تفتیشی افسر طلب

لاہور (یاسرشامی سے ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے صحافیوں کو جاری نوٹسز پر سوالات اٹھا دئیے ، چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے ارشد انصاری اور احمد فراز سمیت 6صحافیوں کو نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے جاری نوٹسز پر حکم امتناعی جاری کردیا اور تفتیشی افسر کو 14اکتوبر کو طلب کرلیا۔
تفصیل کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نےسئینرصحافیوں کو این سی سی آئی اے کے نوٹسز کے خلاف درخواست پر سماعت کی جس میں نوٹس کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔عدالت عالیہ نے حکم دیاکہ کمپلینٹ کی کاپی سمیت ریکارڈ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
فاضل جسٹس نے استفسار کیاکہ یہ کمپلیننٹ عزیز اللہ کون ہے؟یہ نوٹس کس قانون کے تحت جاری ہوئے، این سی سی آئی اے نے یہ کیا تماشہ لگا ہواہےَ؟روزانہ یوٹیوبرز مختلف اداروں کی ہرزہ سرائی کرتے ہیں کیا ان کے خلاف بھی یہی ایکشن لیا گیا ؟این سی سی آئی اے کے پاس 50ہزار شکایات ہیں کیا تمام پر ایسے ہی ایکشن لیا گیا؟
دوران سماعت وفاقی حکومت کی جانب سے لا افسر رفاقت ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے تھے۔