3 دن میں 12 بھارتی مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی جھوٹی اطلاع پر اتار لیا گیا

Oct 16, 2024 | 05:54 PM

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )گزشتہ 3 دنوں کے دوران کم از کم 12 بھارتی مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی جس کے باعث مختلف بھارتی ایئر لائنز کا فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آج کے دن 3 مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی جبکہ گزشتہ 3 دنوں میں ایئر انڈیا، انڈیا گو، اکاسا ایئر فلائٹ اور سپائس جیٹ کے 12 طیاروں کو بم موجود ہونے کی جھوٹی خبر ملی جس کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہے۔
خبر کے مطابق پیر والے دن انڈیا گو اور ایئر انڈیا کی بھارت سے نیویارک، مسقط اور جدہ جانے والی پروازوں میں بم کی اطلاع ملی جبکہ گزشتہ روز بھی بھارت کی 7 مقامی اور انٹرنیشنل پروازوں کو بم ہونے کی جھوٹی اطلاع ملی تھی۔ 
بی بی سی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا کی دہلی سے شکاگو جانے والی پرواز میں اس وقت بم کی جھوٹی اطلاع ملی جب پرواز ہوا میں تھی جس پر پرواز کو ہنگامی طور پر ایک کینیڈین ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ 
خبر کے مطابق گزشتہ روز ہی ایئر انڈیا کی ایک اور پرواز کو بم کی اطلاع ملنے کے بعد آبادی سے دور کرنے اور اس کی حفاظت کے لئے سنگاپور ایئر فورس نے اپنی حدود میں 2 جیٹ طیاروں کو بھی بھیجا، طیارے کو سنگاپور کے چھانگی ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا گیا۔ 
واضح رہے طیاروں میں بم ہونے کی جھوٹی اطلاعات سوشل میڈیا اور ای میلز کے ذریعے دی گئیں اور بھارت میں ایسے واقعات ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں مگر یہ پہلی دفعہ ہے کہ اس قدر بڑی تعداد میں مسافر طیاروں کو بم سے اڑانے کی جھوٹی خبریں دی گئیں۔ 
بھارتی ایوی ایشن اور سکیورٹی حکام کے مطابق بم کی جھوٹی اطلاع دینے والوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 

مزیدخبریں