ریاض (ویب ڈیسک) سعودی حکام نے غیر قانونی تارکین وطن کو واپسی کیلئے ایک ماہ کی مہلت دینے کا فیصلہ کر لیا۔نوائے وقت کے مطابق پاکستانی سفارتی حکام نے اس مہلت دینے کے فیصلے کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کو ہدایت کی ہے کہ مزید توسیع سے فائدہ اٹھائیں اور بغیر سزا کے فوراً واپس چلے جائیں۔
یادرہے کہ اس سے قبل بھی سعودی حکومت نے دوماہ کی مہلت دی تھی جس کے بعد کریک ڈاؤن شروع کردیا تھا اورگزشتہ دنوں بھی 370 غیرقانونی تارکین وطن کو پکڑ لیاتھا، مکہ مکرمہ ریجن میں ادارہ مجاہدین کے ترجمان طلال السلمی نے بتایا ہے کہ مجاہدین کی گشتی فورس نے معمول کی ڈیوٹی کے دوران گشت مشکوک حالت میں گھومنے والے 40افراد گرفتار کرتے ہوئے5مشکوک گاڑیاں ضبط کرلیں۔ یہی نہیں کارروائی کے دوران 370اقامہ و محنت قوانین کی خلا ف ورزی کرنے والے پکڑے گئے جبکہ پکڑے جانے والوں میں ایک شخص پولیس کو مطلوب بھی ہے۔ تاہم مکہ مکرمہ ریجن میں ادارہ مجاہدین کے ڈائریکٹر جنرل حامد القرشی نے مذکورہ کارروائی پر فورس کے اہلکاروں کو شاباش دی ہے جبکہ تمام گرفتار شدگان کو متعلقہ اداروں کے حوالے کردیاگیا۔