نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک المناک اور عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 35 سالہ شخص زندہ مرغی کو نگلنے کے بعد ہلاک ہوگیا۔ یہ افسوسناک واقعہ چندیکلو گاؤں میں داریمہ پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جس نے مقامی کمیونٹی اور طبی ماہرین کو چونکا دیا۔
نیوز 18 کے مطابق آنند یادو نہانے کے بعد اچانک گر کر بے ہوش ہوگیا۔ ان کے خوفزدہ رشتے دار فوراً انہیں قریبی ہسپتال لے گئے۔ تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔ ابتدا میں ان کی موت کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔لیکن پوسٹ مارٹم کے دوران اس وقت ہلچل مچ گئی جب ڈاکٹروں نے موت کی اصل وجہ کا پتہ لگایا۔
لاش کے گلے کے قریب چیرا لگانے پر ڈاکٹرز نے 20 سینٹی میٹر (تقریباً 8 انچ ) جسامت کی ایک مرغی اس کے گلے میں پھنسی ہوئی پائی۔ یہ مرغی آنند یادو کی سانس اور خوراک کی نالیوں میں پھنس گئی تھی جو موت کی وجہ بنی۔
پوسٹ مارٹم کرنے والےڈاکٹر جنہوں نے اپنی زندگی میں 15 سے زیادہ پوسٹ مارٹم کیے ہیں، نے اس معاملے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے کریئر میں پہلا ایسا کیس تھا۔اہل دیہہ کو شبہ ہے کہ شاید آنند نے جادو ٹونے کے اثر میں آکر یہ مرغی نگل لی ہو۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ آنند کی کوئی اولاد نہیں تھی اور وہ بچے پیدا کرنے کے لیے کسی جادو ٹونے یا تانترک کا سہارا لے رہا تھا۔ اگرچہ یہ نظریات ابھی تک ثابت نہیں ہو سکے تاہم پولیس نے تمام پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔