190 ملین پاؤنڈ کیس؛بانی پی ٹی آئی کو14،بشریٰ بی بی کو7سال قید کی سزا

Jan 17, 2025 | 11:51 AM

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا،احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے فیصلہ سنایا۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں190ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ہوئی،بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا،بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری  بی بی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی، بانی پی ٹی آئی کو 14 سال کی قید کی سزا سنا دی گئی،بشریٰ بی بی کو7 سال قید کی سزا سنا دی گئی،القادریونیورسٹی کو سرکاری تحویل لینے کا حکم دیدیا گیا۔

عدالت نے بانی پی پی ٹی آئی دس لاکھ روپے  اور بشریٰ بی بی کو 5لاکھ روپے جرمانہ کی بھی سزاسنائی،عدم ادائیگی ملزمان کو بالترتیب مزید چھ  اور 3ماہ قیدکاٹنا ہوگی۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر سزا سنائی جاتی ہے، بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی ناجائز سرگرمیوں میں ساتھ دیا،القادریونیورسٹی فیڈرل گورنمنٹ کی تحویل میں دی جاتی ہے۔

بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے ہی تحویل میں لے لیا گیا،بشریٰ بی بی کو جیل عملے نے تحویل میں لیا۔

بانی پی ٹی آئی کو نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 10-اے کے تحت سزا سنائی گئی،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر جرم ثابت ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی کرپشن میں ملوث پائے  گئے،جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا جاتا ہے۔جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت پر بانی پی ٹی آئی کو مزید 6 ماہ قید کاٹنا ہوگی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بشری بی بی پر جرم میں معاونت کا الزام ثابت ہوتا ہے،بشریٰ بی بی کو نیب آرڈیننس 10 اے کے تحت 7 سال قید بامشقت سنائی جاتی ہے،بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزاسنائی جاتی ہے،جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 3 ماہ قید ہوگی۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کو بحق سرکار ضبط کیا جاتا ہے،القادر یونیورسٹی فیڈرل حکومت کی تحویل میں دی جاتی ہے۔

یادرہے کہ احتساب عدالت نے 18دسمبر2024کو 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا،ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ 3مرتبہ مؤخر کی گئی،پہلے عدالت نے 23دسمبر پھر 6جنوری ،اس کے بعد 13جنوری اور پھر17جنوری کی تاریخ مقرر کی،190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل1 سال تک اڈیالہ جیل میں چلا، نیب نے 35گواہان کے بیانات قلمبند کرائے، وکلاء صفائی  نے تمام گواہان پر جرح مکمل کی،اہم گواہان میں سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک اور سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان شامل تھے،سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور چیف فنانشل افسر القادر یونیورسٹی بھی گواہان میں شامل تھے۔

مزیدخبریں