بھارتی میڈیا نے کپتان روہت شرماکے پاکستان آنے سے متعلق  حیران کن دعویٰ کر دیا 

Jan 17, 2025 | 02:18 PM

ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کو اپنے پیسوں اور اجارہ داری کے بَل پر ہائبرڈ ماڈل کے تحت کروانے والا بھارت کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اب افتتاحی تقریب اور کیپٹنز میٹ (Captain meet)کے پیچھے پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں ذرائع سے خبریں چلانا شروع کردی ہیں کہ افتتاحی تقریب اور کیپٹنز میٹ میں انڈین کپتان روہت شرما کے پاکستان جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ نئے بورڈ سیکریٹری دیواجیت سائیکیا سے روہت شرما کے پاکستان جانے سے متعلق پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ہمیں تو ایسی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی، نہ ہی ایسی کوئی بات آئی سی سی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا حصہ رہی ہے۔ بھارتی بورڈ ذرائع نے کہا کہ وہ کسی صورت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی خواہشات پوری نہیں کریں گے۔ 

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم کی عدم موجودگی میں افتتاحی تقریب اور کیپٹنز میٹ کو محدود رکھا جائے گا، دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ ہیں، اگر بھارتی ٹیم فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہی تو پھر چیمپئینز ٹرافی کا فیصلہ کن میچ لاہور میں ہوگا، یہ دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا کہ تب جے شاہ ٹرافی دینے کیلئے پاکستان آتے ہیں یا نہیں۔

 پاکستان کو 19 فروری سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے، ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارتی ٹیم اپنے میچز دبئی میں کھیلے گی، ایک سیمی فائنل بھی وہیں پر ہی ہوگا، اگر بلو شرٹس فائنل میں پہنچے تو معرکہ دبئی میں ہوگا۔ 

بھارت نے پہلے ہٹ دھرمی سے اپنے میچز دبئی منتقل کروائے اور اب وہ پاکستان میں چیمپئینز ٹرافی کے افتتاح اور کپتانوں کی ٹرافی شوٹ و پریس کانفرنس کے انعقاد کے پیچھے پڑ گیا ہے۔

مزیدخبریں