190ملین پاؤنڈ کیس میں سزا پر عمران خان کا بیان بھی سامنے آ گیا

Jan 17, 2025 | 02:43 PM

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائے جانے کے فیصلے کے بعد کمرہ عدالت میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے سخت الفاظ استعمال کیے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج فیصلے نے عدلیہ کی ساکھ کوخراب کردیا، اس کیس میں نہ مجھے فائدہ ہوا ہے اور نہ حکومت کو کوئی نقصان ہوا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی ریلیف نہیں چاہیے، تمام کیسز کا سامنا کروں گا، ایک آمراپنی ذات کے لیے یہ سب کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاردیواری کا تقدس پامال کرنے والے پولیس افسران کوپلاٹ دیے گئے، جوساتھ ہے وہ آزاد ہیں اور جو مخالف ہیں انہیں سزائیں دی جارہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میری اہلیہ گھریلو عورت ہے، اس کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں، اہلیہ کوسزا مجھے تکلیف دینے کے لیے دی گئی۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ غور سے سن لیں کہ میں کسی قسم کی ڈیل نہیں کروں گا، 1971 میں جنرل یحییٰ نے ملک تباہ کیا، آج آمر بھی اپنے فائدے کیلئے یہی کام کر رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آج سارا میڈیا آیا ہے، کہیں پک اینڈ چوز تو نہیں کیا، سزا جتنی بھی سنائیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، نواز، شہباز اور زرداری ڈکٹیٹر کے ساتھ ہیں اس لیے ان کہ سزائیں معاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال شوکت خانم کا 9 ارب روپے کا فنڈ اکھٹا ہوتا ہے، ہم نے کبھی ایک روپے کہ بھی کرپشن نہیں کی۔

دوران گفتگو، ایک صحافی نے اسرائیل کے حوالے سے سوال کیا تو عمران خان نے کہا کہ اسرائیل کی مذمت کہاں سے آگئی، ابھی اس کیس پر بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سزائیں کس طرح سنارہے ہیں، مجھے کوئی مالی فائدہ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے کی سزا سنائی گئی ہے۔

مزیدخبریں