واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) بیس سالہ بھارتی نژاد شخص سائی ورشٹھ کندولا کو 22 مئی 2023 کو وائٹ ہاؤس پر حملے کی کوشش کے جرم میں آٹھ سال قید کی سزا سنادی گئی۔ یہ حملہ ایک کرائے کے ٹرک کے ذریعے کیا گیا تھا جس کا مقصد امریکی حکومت کو گرا کر نازی نظریات سے متاثر ایک آمرانہ حکومت قائم کرنا تھا۔
نیوز 18 کے مطابق چندن نگر کے رہائشی سائی ورشٹھ کندولا امریکہ میں گرین کارڈ ہولڈر تھا۔ اس نے 22 مئی 2023 کو ایک تجارتی پرواز کے ذریعے واشنگٹن ڈی سی کا سفر کیا۔ اس نے دوپہر 6:30 بجے ایک ٹرک کرایہ پر لیا اور اس کے بعد واشنگٹن ڈی سی روانہ ہو گیا۔ شام 9:35 بجے کندولا نے ٹرک کو وائٹ ہاؤس کی حفاظتی رکاوٹوں سے ٹکرا دیا۔
ٹرک پہلی بار رکاوٹوں سے ٹکرا کر سائڈ واک پر چڑھا جس سے راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ پھر ٹرک پیچھے ہٹ کر دوبارہ آگے بڑھا اور دوسری بار رکاوٹوں سے ٹکرا گیا جس سے ٹرک کے انجن سے دھواں نکلنے لگا اور اس میں لیکیج شروع ہو گئی۔
ٹرک سے باہر نکلنے کے بعد کندولا نے اپنے بیگ سے ایک نازی سواستیکا والا پرچم نکالا اور اسے لہرانے لگا۔ اس کے فوراً بعد یو ایس پارک پولیس اور یو ایس سیکرٹ سروس کے افسران نے کندولا کو موقع پر گرفتار کر لیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق کندولا کا مقصد امریکی حکومت کو گرا کر نازی جرمنی کے نظریات پر مبنی ایک آمرانہ حکومت قائم کرنا تھا اور وہ خود امریکہ کا صدر بننا چاہتا تھا۔ اس نے تحقیقات کے دوران تسلیم کیا کہ اگر ضروری ہوتا تو وہ امریکی صدر اور دیگر حکام کا قتل کرانے کی کوشش کرتا۔کندولا کے حملے کے نتیجے میں نیشنل پارک سروس کو 4322 امریکی ڈالر کا نقصان پہنچا جس میں رکاوٹوں کی مرمت، آئل اور کیمیکلز کی صفائی، اور ٹرک سے نکلی ہوئی لیکیج کے مواد کی صفائی شامل تھی۔
کندولا نے حملے کی تیاری کے دوران کئی ہفتوں تک مختلف کمپنیوں سے سیکیورٹی گارڈز اور بڑے ٹرک کرائے پر لینے کی کوشش کی تھی۔ اس کیس میں کندولا کو آٹھ سال کی سزا سنائی گئی ہے۔