ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مشہور بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر باندرہ ویسٹ میں واقع ان کے اپارٹمنٹ میں حملہ کرنے والے شخص نے حملے سے قبل ان کے گھریلو عملے کو دھمکی دی تھی۔ پولیس کے مطابق چاقو سے لیس حملہ آور نے گھریلو عملے سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ حملہ رات تقریباً ڈھائی بجے ہوا جس میں سیف علی خان کو چاقو کے چھ زخم آئے جن میں سے ایک ان کی گردن پر تھا۔ زخمی حالت میں انہیں لیلاوتی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ایمرجنسی سرجری کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کے بیٹے ابراہیم علی خان نے انہیں آٹو رکشہ کے ذریعے ہسپتال پہنچایا کیونکہ ان کی کار تاخیر سے پہنچی۔ سیف علی خان کے چار سالہ بیٹے جہانگیر کی نرس ایلیا ما فلپ اور ایک دیگر گھریلو ملازم بھی اس حملے میں زخمی ہوئے۔
ایلیا ما فلپ جو خان خاندان کے ساتھ چار سال سے کام کر رہی ہیں، نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے سب سے پہلے حملہ آور کو 11ویں منزل پر واقع اپارٹمنٹ میں دیکھا۔ ان کے مطابق حملہ آور کی عمر 35 سے 40 سال کے درمیان تھی۔ انہوں نے بتایا کہ رات دو بجے کے قریب گھر سے عجیب آوازیں سننے پر ان کی آنکھ کھلی۔ پہلے انہوں نے سوچا کہ کرینہ کپور اپنے بیٹے جہانگیر کو دیکھ رہی ہیں لیکن دوبارہ جاگنے پر انہوں نے دیکھا کہ ایک شخص باتھ روم سے نکل کر بچے کے کمرے کی طرف جا رہا تھا۔ "میں فوراً جہ کے کمرے کی طرف بھاگی۔ حملہ آور نے مجھے چپ رہنے کا اشارہ کرتے ہوئے کہا، ’شور نہ کرو، کوئی باہر نہیں جائے گا۔‘"
ایلیا ما نے بتایا کہ جب انہوں نے جہانگیر کو اٹھانے کی کوشش کی تو حملہ آور جو ایک لکڑی کی چھڑی اور ہیگزا بلیڈ سے لیس تھا، ان کی طرف لپکا اور ان پر حملہ کیا۔ "میں نے اپنے ہاتھوں سے وار روکنے کی کوشش کی، لیکن بلیڈ نے میرے دونوں ہاتھوں کی کلائیوں اور بائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی کو زخمی کر دیا۔ جب میں نے حملہ آور سے پوچھا کہ وہ کیا چاہتا ہے، تو اس نے کہا مجھے پیسے دو۔ جب میں نے پوچھاکتنے؟ تو اس نے انگریزی میں جواب دیا ایک کروڑ۔"
فلپ کے شور مچانے پر سیف علی خان اور کرینہ کپور اپنے کمرے سے باہر آئے۔ پولیس کو دیے گئے بیان میں فلپ نے کہا کہ جب سیف علی خان نے حملہ آور سے پوچھا کہ وہ کیا چاہتا ہے، تو اس نے لکڑی کے ایک اوزار اور بلیڈ سے ان پر حملہ کیا۔ "سیف صاحب کسی طرح حملہ آور سے بچ نکلے، اور ہم سب بھاگ کر اوپر کی منزل پر چلے گئے، جہاں ہم نے دروازہ بند کر دیا۔"
پولیس کے مطابق عمارت میں زبردستی داخلے کے کوئی نشان نہیں ملے اور نہ ہی کسی کو سی سی ٹی وی کیمروں میں عمارت میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور قریبی کمپاؤنڈ کی دیوار پر چڑھ کر عمارت میں داخل ہوا اور عمارت کے پچھلے حصے کی سیڑھیاں استعمال کرتے ہوئے اداکار کے اپارٹمنٹ تک پہنچا۔