ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ہالی ووڈ سٹار کم کارڈیشین نے امبانی خاندان کی گزشتہ سال ہونے والی شادی میں شرکت کی، جہاں وہ اپنے شاندار روایتی ملبوسات اور زیورات کے باعث توجہ کا مرکز بن گئیں، لیکن اس تقریب میں ان کے ساتھ ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ نیوز 18 کے مطابق کم کارڈیشین کا قیمتی ہیرا شادی کے دوران ان کے ہار سے گر گیا جس کا انکشاف حالیہ دنوں میں سامنے آیا ہے۔
کم اور ان کی بہن کلوئی کارڈیشین نے جولائی 2024 میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں شرکت کی تھی۔ اب ریئلٹی شو دی کارڈیشینز کے سیزن 6 کی تازہ ترین قسط میں کم نے انکشاف کیا کہ ان کے لورین شوارٹز کے قیمتی ہار سے ایک ہیرا شادی کے دوران کہیں گر گیا تھا۔
امریکی جیولری انفلوئنسر جولیا چیفے، جو اس شادی میں شریک تھیں، نے بھی اس واقعے کا ذکر کیا اور ایک ویڈیو میں کہا "کیا میں نے کم کارڈیشین کا ہیرا امبانی کی شادی میں پایا؟" جولیا نے مذاق میں کہا کہ یہ ہیرا 'ایک زلین ڈالر' کا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "یہ واقعہ اتنا غیر معمولی تھا کہ پہلے میں نے سوچا شاید یہ شو کے لیے نقلی ہیرے تھے، لیکن Lorraine Schwartz کے زیورات میں ایسی کوئی گنجائش نہیں۔ وہ ہمیشہ اصلی اور نایاب ہیرے استعمال کرتی ہیں۔ مجھے حیرت ہے کہ کم نے یہ ہیرا گم ہونے کے بعد باقی رات کیسے پرسکون انداز میں گزاری۔"
دی کارڈیشینز میں کم نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ انہیں اس گمشدہ ہیرے کی قیمت ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔ امبانی کی شادی میں کم نے مشہور بھارتی ڈیزائنر ترون طاہلیانی کا ڈیزائن کردہ ہلکے پیچ رنگ کا خوبصورت لہنگا زیب تن کیا تھا، جو زری کڑھائی، دھاگے کے کام اور سوارووسکی کرسٹل سے مزین تھا۔ انہوں نے اپنے لک کو مکمل کرنے کے لیے لورین شوارٹز کا قیمتی ہار، ناک کی نتھ، ماتھے کا ٹیکا اور دیدہ زیب جھمکے بھی پہنے تھے۔