بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے، نواز شریف کی بھارتی صحافیوں کے وفد سے گفتگو

Oct 17, 2024 | 07:10 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ  بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے۔

جیو نیوز کے مطابق بھارتی صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے، بھارتی کرکٹ ٹیم سے پوچھیں تو وہ بھی کہیں گے پاکستان آ کر کھیلنا ہے، کرکٹ کھیلنے پر راضی بھارتی کرکٹ ٹیم کو اجازت دینے والے اجازت نہیں دیتے، بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی تو کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہوگا۔نواز شریف نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگر ایس سی او پر پاکستان آتے تو بہت اچھا ہوتا، بھارتی وزیراعظم نہیں آئے مگر وزیر خارجہ آئے یہ بھی اچھی بات ہے،  ایس سی او سے پاک بھارت تعلقات کی اچھی شروعات ہو سکتی ہے، پاکستان اور بھارت کا ماضی بہت تلخ رہا ہے، آگے دیکھیں، مستقبل کی بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر پاکستان اور بھارت کو فوری اور بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، ابھی سبزیاں اور سامان بھارت سے دبئی جاتا ہے وہاں سے پاکستان آتا ہے مہنگا پڑتا ہے، پاک بھارت تعلقات اچھے ہو جائیں تو دو گھنٹوں میں ضرورت کا سامان پاکستان آ سکتا ہے۔یاد رہے کہ  بھارتی صحافی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی کوریج کے سلسلے میں پاکستان آئے ہوئے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ملاقات میں شریک تھیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی صحافی برکھا دت نے بھی لاہور میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی تھی۔

مزیدخبریں