نابینا افراد کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے :سہیل شوکت بٹ کا سفید چھڑی کے عالمی دن پر تقریب سے خطاب

نابینا افراد کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے :سہیل شوکت بٹ کا سفید چھڑی کے عالمی دن ...
 نابینا افراد کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے :سہیل شوکت بٹ کا سفید چھڑی کے عالمی دن پر تقریب سے خطاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان ایسوسی ایشن آف بلائنڈ (ڈسٹرکٹ لاہور) کے زیر اہتمام  وائٹ کین سیفٹی ڈے (سفید چھڑی) کے عالمی دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ تھے، جبکہ ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب میں نابینا افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں اسپیشل ایجوکیشن سے منسلک نابینا اساتذہ اور طلباء بھی شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے نابینا افراد کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں بھرپور نمائندگی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال وائٹ کین سیفٹی ڈے کی تھیم بھی نابینا افراد کو ہر شعبے میں بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔میں پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ (ڈسٹرکٹ لاہور) کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس دن کی مناسبت سے اس پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز  کی قیادت میں محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال افراد باہم معذوری کو قومی دھارے میں لانے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہاآج کا دن اس عزم کے اعادے کا ہے کہ نابینا افراد کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ آپ کی فلاح ریاست کی ذمہ داری ہے اور ہم اپنی ذمہ داری سے کسی صورت غفلت نہیں برتیں گے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہمت کارڈ جیسا منصوبہ مریم نواز  نے ہی شروع کیا ہے۔ سہیل شوکت بٹ نے بتایا کہ 65000 ہمت کارڈ ہولڈرز میں سے تقریباً 4 ہزار افراد نابینا ہیں۔ نابینا افراد کے مطالبات کی منظوری کے لئے ہماری ٹیم مسلسل کاوشیں کر رہی ہے۔اسسٹیو ڈیوائسز (Assistive Devices) کی مد میں رواں سال 1 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

سہیل شوکت بٹ کا کہنا تھا کہ  ہمیں نابینا افراد کی مشکلات کا بھرپور اندازہ ہے، مگر آپ سے وعدہ ہے کہ آپ کی وزیراعلٰی اور حکومت آپ کے مطالبات پورے کرنے کے لئے پورے خلوص سے کوششیں کر رہی ہے۔یہ تقریب نابینا افراد کی بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے جس سے ان کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔