چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان محمد ارشد خان جدون کی سینئر صحافی وتجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی کی عیادت

چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان محمد ارشد خان جدون کی سینئر صحافی وتجزیہ کار ...
چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان محمد ارشد خان جدون کی سینئر صحافی وتجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی کی عیادت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان محمد ارشد خان جدون نے اپنے دورۂ لاہور کے دوران سینئر صحافی و تجزیہ کار اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے رہنما اور چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمٰن شامی کی عیادت کی ۔اس موقع پر پریس کونسل آف پاکستان کا وفد بھی ان کے ہمراہ تھاجبکہ اس سے پہلے چیئرمین پی سی پی محمد ارشد خان جدون نے وکلاء نمائندوں، صحافیوں اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔ 
چیئر مین پی سی پی ارشد خان جدون کا کہنا تھا کہ صحافت کو درپیش مسائل اور پرنٹ جرنلزم کی مشکلات کے دور میں حکومت اور حکومتی ادارے اخبارات اور رسائل و جرائد کی ترقی اور صحافی کارکنوں کی بہتری کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا عزم کیے ہوئے ہیں، جبکہ سینئر صحافیوں کو بھی اس اہم مسئلہ پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے فیک نیوز کی روک تھام اور ملکی ترقی میں صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرنا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے لاہور میں اپنے دورہ کے دوران سینئر تجزیہ کار و چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان اور اے پی این ایس کے رہنما مجیب الرحمٰن شامی کی رہائش گاہ پر ان سے عیادت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوے کہی۔
اس موقع پر ایڈیٹر روزنامہ پاکستان عثمان شامی، ہزارہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر تیمور اقبال اور فیصل بن نصیر سمیت  ینگ وکلاءکے نمائندہ عبدالمعز خان اور محمد ظہور ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ 
ارشد خان جدون کا کہنا تھا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے اور ترقی اور ملکی استحکام ہمارا اولین فریضہ ہے جبکہ فیک نیوز کی وجہ سے نہ صرف صحافت تنزلی کا شکار ہے بلکہ صحافتی ادارے بھی اس فیک نیوز کو کنٹرول کرنے سے قاصر نظر آ رہے ہیں جبکہ حکومتی سطح پر اسے منظم انداز میں کنٹرول کرنے کی جدوجہد جاری ہے اور ہم جلد فیک نیوز اور اسے پھیلانے والے عناصر اور سہولت کاروں اور ملک دشمن عناصر پر کنٹرول پا لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و یک جہتی میں ہی ہم سب کی کامیابی پنہاں ہے۔ 
اس موقع پر مجیب الرحمٰن شامی نے ارشد جدون کا شکریہ ادا کیا ، ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا خبر عبادت سمجھ کر بھیجی جاتی تھی لیکن موجودہ دور میں فیک نیوز نے صحافت اور خاص کر اخبارات و رسائل سمیت آن لائن جرنلزم کو شدید نقصان پہنچایا ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان ہم سب کا ہے اور پاکستان میں جو عناصر بذریعہ فیک نیوز انارکی پھیلانا چاہتے ہیں وہ بالکل ناکام ہوں گے البتہ اس عفریت سے چھٹکارا حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت اور صحافت کی بقاء اسی میں مضمر ہے۔ اور ہم سب من حیث القوم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

عبدالمعز خان نے پی سی پی کے اغراض و مقاصد صحافیوں سے شیئر کیے جبکہ چیئرمین پی سی پی نے ادارے کا کتابچہ بھی مجیب الرحمٰن شامی کو پیش کیا۔ اس موقع پر تیمور اقبال کا کہنا تھا کہ صحافی یک زبان پاکستان کی سلامتی کے لیے بزور قلم و کیمرا میدان میں ہیں اور ہم پریس کونسل آف پاکستان کے فیک نیوز کو کنٹرول کرنے کے اہم کردار کو سراہتے ہیں۔ پاکستان کی بدولت ہم مضبوط سے مضبوط تر ہیں اور یہ ملک ہی ہماری پہچان ہے۔