بونیر ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاک فوج کے کور آف انجینئرز کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم (USAR) کی کوششوں سے بونیر ، شانگلہ اور سوات کے مختلف علاقوں میں ملبے سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے-
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے جوان ٹوٹے ہوئے پلوں اور بند ہوئے راستوں کو بھی کھولنے میں مصروف ہیں ،موسم کی خرابی کے باوجود پاک فوج کے ہیلی کاپٹر ریسکیو مشن میں مصروف ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاک فوج کے ڈاکٹرز نے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی لگا لیا ہے جہاں پے مفت ادویات تقسیم کی جا رہی ہیں،پاک فوج کے ایک دن کے راشن کی اشیاء کو بھی ضرورت مند افراد تک پہنچایا جا رہا ہے-پاک فوج کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو ضروری اشیاء کی فراہمی بھی کی گئی، جن میں بستر اور ٹینٹ شامل ہیں۔
عوام نے تمام کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کا شکریہ ادا کیا ہے۔