اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) نان فائلرز پر پابندیوں کے حوالے سے قومی اسمبلی میں ٹیکس لاءترمیمی بل پیش کردیا گیا۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے ٹیکس لاء ترمیمی بل 25-2024 کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق نان فائلرز پر 800 سی سی سے زائد گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہوگی، نان فائلرز مخصوص حد سے زیادہ جائیداد نہیں خرید سکیں گے، نان فائلرز پر مخصوص حد سے زیادہ شیئرز کی خریداری پر بھی پابندی ہوگی، نان فائلر بینک اکاونٹ اوپن نہیں کر سکیں گے، نان فائلرز ایک حد سے زیادہ بینکنگ ٹرانزیکشنز نہیں کرسکیں گے۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق نان فائلرز کو موٹر سائیکل، رکشا اور ٹریکٹر خریدنے کی اجازت ہوگی۔مجوزہ ترمیم کے مطابق غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کے بینک اکاونٹس منجمد کئے جائیں گے، غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد جائیداد ٹرانسفر نہیں کرسکیں گے، غیر رجسٹرڈ افراد کی پراپرٹی اور کاروبار حکومت سیل کرنے کی مجاز ہوگی، ایف بی آر جن لوگوں کے نام کی لسٹ جاری کرے گا ان کے اکاو¿نٹس منجمدکئے جائیں گے۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق سیلز ٹیکس رجسٹریشن نہ کرانے پر بینک اکاونٹس منجمد کئے جائیں گے، ایسے افراد پر پراپرٹی ٹرانسفر پر پابندی ہوگی، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے دو دن بعد اکاونٹس غیرمنجمدکئے جائیں گے، اکاونٹس غیر منجمد کرنے کے لئے چیف کمشنر کے پاس اپیل کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ فائلر کے والدین، بیوی اور 25 سال تک کی عمر کے بچے فائلر تصور ہوں گے۔مذکورہ بالا پابندیوں کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا۔