اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی تک رسائی کا معاملہ،کیا اصلاحاتی کمیٹی کو ملنے سے روکا گیا۔۔۔؟اہم تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور ( طیبہ بخاری سے ) کیا جیل اصلاحاتی کمیٹی کو ملنے سے روکا گیا ، اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی تک رسائی سےمتعلق معاملے میں اہم تفصیلات سامنے آ گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق جیل انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ جیل اصلاحاتی کمیٹی کو کسی سے ملنے سے نہیں روکا گیا۔ جیل انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ کمیٹی کے دورہ کے وقت بانی پی ٹی آئی نیب عدالت میں تاریخ پیشی پر تھے، عدالت جیل انتظامیہ کے کنٹرول میں نہیں آتی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جیل اصلاحاتی کمیٹی کی رکن خدیجہ شاہ نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا ہے۔ خط کا متن کا بھی منظر عام پر آ گیا ہے۔ اڈیالہ ان جیلوں میں سے ایک ہے، جس میں گزشتہ 2 سال میں بہت سے سیاسی قیدی رکھے گئے ہیں، ان قیدیوں میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم بھی شامل ہیں۔
خدیجہ شاہ نے خط میں درخواست کی ہے کہ قیدیوں کی اصلاحی ذیلی کمیٹی کے لیے ایک بار پھر اڈیالہ جیل کے دورے کے احکامات دیئے جائیں۔ سابق وزیراعظم کی رائے جانے بغیر جیل اصلا حاتی کمیٹی سپریم کورٹ کو اپنی رائے نہیں دے سکتی۔