پنجاب بھر میں ایک ہفتے میں تجاوزات ختم کرنے کا حکم ، ہر شہر میں گورننس کی ایکسی لینس نظر آنی چاہیے: مریم نواز
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں ایک ہفتے میں تجاوزات ختم کرنے کا ہدف دے دیا ہے اور ڈپٹی کمشنرز کے لئے کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن اوربہتر سسٹم ڈیزائن کرنے کا ٹارگٹ مقرر کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہر شہر میں سرکاری اراضی پر اربن فاریسٹ بنانے کا حکم دیا،صوبہ بھر میں ”نو ٹوپلاسٹک“مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس اپنانے کاحکم دیا۔ صوبہ بھر میں پالتوکتوں کوکالر پہنانا لازمی قراردیا گیا،خلاف ورزی پر جرمانہ اور کارروائی کی جائے گی۔ پالتو کتوں کی ویکسینیشن اور رجسٹریشن کا نظام نافذ کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سڑکو ں پر بائیک لین مقرر کرنے،چینی ماڈل کے تحت جنگلہ اور چھوٹی دیوار سے الگ کرنے اوربائیک سوار کے لئے ہیلمٹ،بیک لائٹ او رانڈیکیٹرز وغیرہ کی پابندی ضروری بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سکولو ں کے سامنے بچوں کے لئے زیبرا کراسنگ بنانے اور سکول وین کے فنٹس سرٹیفکیٹ پر زیرو ٹالرنس کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ نے سڑکوں پر گندا پانی کھڑا ہونے سے نمازیوں اور شہریوں کو دشواری کی شکایت پر برہمی کا اظہار کیا اور شہروں میں جگہ جگہ نظر آنے والی خیمہ بستیاں متبادل مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سنگل لائن ریڑھی بازار کی پابندی یقینی بنانے کا حکم اور ہدایت کی کہ منظور شدہ ڈیزائن او رجگہ کے علاوہ کسی مقام پر ریڑھیاں نظر نہیں آنی چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ نے بس سٹینڈ ز کی صفائی،پنکھے،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بہترین نشست گاہ یقینی بنانے اورہر شہر کے بس سٹاپ اور لاری اڈوں کو ماڈل بنانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں ہسپتالوں کے ایم ایس کی پرفارمنس کی مانیٹرنگ ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے سرگودھا میں جامع صفائی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی اور صوبہ بھر میں کنٹرول ریٹ پرکھاد کی فراہمی یقینی بنانے پرانتظامیہ کو شاباش دی۔ میانوالی میں چوراہوں پر یاد گاریں،واٹر فال، خوبصورت ماڈل بنانے اور پارکس کی بیوٹی فکیشن پر بھی انتظامیہ کوشاباش ملی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہر شہر میں گورننس کی ایکسی لینس نظر آنی چاہیے۔ کسی شہر میں ٹوٹی ہوئی سڑکیں نظر نہ آئیں،پیچ ورک سے گڑھے پُر کئے جائیں۔سڑکوں پر سائن بورڈ واضح نظر آنے چاہئیں اور نئے سائن بورڈ بھی لگائیں۔قبضہ مافیا کو پنجاب میں کھلا پھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈی سی اپنی چھت ……اپنا گھر پروگرام کے تحت بننے والے مکانوں کی مانیٹرنگ بھی کریں۔ ہرشہر میں واٹرفلٹریشن پلانٹس فنکشنل ہونے چاہئیں۔تمام شہروں کے لئے سیوریج او رسینی ٹیشن کا جامع پلان لے کرآرہے ہیں۔ تجاوزات ختم کرنے کے بعد دوبارہ نظر آنا انتظامی ناکامی کے مترادف ہے۔ جعلی ادویات بیچنے او ربنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ پبلک پارکس میں گھاس اگائیں مٹی نظر نہ آئے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا انتظار کئے بغیر میسر وسائل سے صفائی جاری رکھی جائے۔ گلیوں،بازاروں میں سٹریٹ لائٹس کو آپریشنل ہونا چاہیے۔ اوور ہیڈ بریج کے نیچے گرین بیلٹ بنائیں، منشیات کے عادی افراد نظر نہ آئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈی ایچ کیو سرگودھا کے بارے میں عوامی شکایات پر نا پسندیدگی اظہار کیا اور فوری ازالے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود مسائل حل نہ ہونے او ربہتری نہ آنے پر سخت ایکشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بیلا روس کے صدر کی آمد پر مری میں صفائی کے انتظامات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سرگودھا ڈویژن کے ”کے پی آئیز“ کا جائزہ لیا گیا۔ سرگودھا، خوشاب، بھکر او رمیانوالی کے ڈپٹی کمشنر ز نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں صفائی،ہیلتھ، ایجوکیشن، پرائس کنٹرول اورآؤٹ سورس سکولوں کی مانیٹرنگ کے پی آئیز کا جائزہ لیا گیا۔ میرج ایکٹ کی پابندی، تجاوزات، صفائی، پارکس کی صورتحال، چوراہوں او رشہروں کی بیوٹی فکیشن پر رپورٹ پیش کی گئی۔ مین ہول کے ڈھکن، آوارہ کتے، سیوریج، ٹرانسپورٹ فٹنس سرٹیفکیٹ، اربن فاریسٹ ڈویلپمنٹ کے پی آئی ز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز کو گلی محلوں کی صفائی اور دیگر عوامی شکایات کی نشاندہی بھی کی۔