برٹش ہائی کمیشن ہیڈ آف لاہور آفس بین وارنگٹن کا محکمہ سوشل ویلفیئر کا دورہ ، صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ سے اہم ملاقات
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ سے ہیڈ آف لاہور آفس، برٹش ہائی کمیشن، بین وارنگٹن کی اہم ملاقات
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ہیڈ آف لاہور آفس، برٹش ہائی کمیشن، بین وارنگٹن نے محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے دفتر کا دورہ کیا اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری سوشل ویلفیئر جاوید اختر محمود اور ڈی جی سوشل ویلفیئر سکندر ذیشان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی، سیاسی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سہیل شوکت بٹ اور بین وارنگٹن نے کرسمس کے حوالے سے کیک کاٹا۔ صوبائی وزیر نے ہیڈ آف لاہور آفس، برٹش ہائی کمیشن کو محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور مستقبل میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔
بین وارنگٹن نے پنجاب حکومت کے زیر قیادت محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے فلاحی اقدامات کو بے حد سراہا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے" دھی رانی پروگرام" کے تحت اجتماعی شادیوں کے اہتمام کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا اور ہمت کارڈ پروگرام کو انقلابی قدم قرار دیا۔
سہیل شوکت بٹ نے محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے بچوں، خواتین، بزرگوں اور معذور افراد کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ہیڈ آف لاہور آفس، برٹش ہائی کمیشن نے کہا کہ پنجاب بھر کے ضرورت مند طبقے کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر کے فلاحی منصوبے اپنی مثال آپ ہیں۔