اسلام آباد یونائیٹڈ پاکستان سپر لیگ کے 9ویں ایڈیشن کا فاتح بن گیا

Mar 18, 2024 | 08:38 PM

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد یونائیٹڈ نےملتان سلطان کو ہرا کر پاکستان سپر لیگ کا 9 ویں ایڈیشن جیت لیا ہے۔ 

فائنل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطان کو2 وکٹوں سے شکست دی، ملتان سلطان کی جانب سے دیا گیا 160 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری گیند پر 8وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا،کولن منرو 17 رنز بنا کر خوشدل شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، آغا سلمان کو بھی 10 کے انفرادی سکور پر خوشدل شاہ نے آؤٹ کیا، کپتان شاداب خان 4 رنز بناکر افتخار احمد کا شکار بنے، مارٹن گپٹل 50 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، عظمت خان 30 رنز بناکر اسامہ میر کا شکار بنے،حیدر علی 5 رنز بناکر ویلے کی گیند پر آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف کو افتخار احمد نے آؤٹ کیا، وہ صرف ایک ہی رن بناسکے، نسیم شاہ 18 رنز بناکر محمد علی کی گیند آؤٹ ہوئے جبکہ عماد وسیم 19اورحنین شاہ 1رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔  

اس سے قبل ملتان سلطان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر159رنز بنائے، یاسر خان اور ڈیوڈ ویلے6،6 رنز بناکرعماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے،کپتان محمد رضوان26 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بنے، جونسن چارلس 4 رنز بناکر عماد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے، عثمان خان 57 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، خوش دل شاہ 11 رنز بناکر عماد وسیم کا شکاربنے، اسامہ میر کو 6 کے انفرادی سکور پر شاداب خان نے آؤٹ کیا، چارلس جورڈن بغیر کوئی رنز بنائےعماد وسیم کی گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے جبکہ عباس آفریدی ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے,افتخار احمد32رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

خیال رہے کہ ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہم اسی ہی ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے جو پہلے کھیلتی آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایک اچھی ٹیم ہے اور یہ بات ہم ٹورنا منٹ کے شروعات سے ہی جانتے ہیں ، ان کا سامنا کرنے کے لیے بھر پور تیاری کی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے باولنگ ہی کرنا چاہتے تھے ۔ انہوں نے بتا یا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں