لاہور(پ ر) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی ملک و بیرون ممالک خدمات کے اعتراف میں ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان نے انسانی حقوق کے ایوارڈسے نوازا گیا۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے یہ ایوارڈ نائب صدر محمد عبدالشکورنے وصول کیا۔ اس سلسلے میں 40ویں ہیومن رائٹس ایوارڈز تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوئی جس میں خدمت خلق،انسانی حقوق، ادب اور صحافت میں نمایاں کارکردگی اور خدمات سر انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ خدمت خلق کے شعبہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ ساتھ ادب میں عوامی شاعر شاکر شجاع آبادی اور صحافت میں ارشد شریف مرحوم کو بھی ایوارڈ دیا گیا،جو اْن کی اہلیہ جویریہ صدیق نے وصول کیا۔ اس موقع پر صدر ہیومن رائٹس سوسائٹی آف پاکستان سید عاصم ظفر،نائب صدر الیگزینڈر جان ملک،جاوید نواز، سیکرٹری جنرل ایم اے شکوری، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن شہزاد شوکت،سینئر صحافی سہیل وڑائچ،صدر چیمبر آف کامرس میاں ابوذر شاد،ہمدرد سے علی بخاری اورسینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی سمیت ادبی، صحافتی،مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔