جھنگ کو ڈویژن بنایا جائے ،معاویہ اعظم نے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی

Sep 18, 2022 | 05:57 PM


جھنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان راہ حق پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور ممتاز عالم دین مولانا محمد معاویہ اعظم  نے  ضلع جھنگ کو ڈویژن بنانے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ۔
تفصیلات کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی مولانا محمد معاویہ اعظم طارق نے 1849 میں بننے والے ضلع جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دلوانے کے لئے پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ہے ،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 1849ءمیں پاک و ہند میں موجود صوبہ پنجاب کے ٹوٹل 9اضلاع تھے جن میں ضلع جھنگ بھی موجود تھا ،1905میں فیصل آباد ضلع جھنگ کی تحصیل تھی جو عرصہ دراز سے ڈویژن ہے،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ اور کچھ اور بھی علاقے جھنگ سے نکل کر اضلاع بن گئے لیکن بڑوں کی عدم دلچسپی اور عدم توجہی کی وجہ سے جھنگ آج تک ڈویژن کا درجہ حاصل نہ کر سکا ۔

 قرارداد میں کہا گیا ہے کہ موجودہ اسمبلی کے آغاز میں حکومت پنجاب نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ جونہی نئے ڈویژنز کی پر پوزل آئے گی تو جھنگ میں اس کو شامل کر کے ڈویژن کا درجہ دے دیا جائے گا لیکن افسوس کہ ایسا نہیں ہوا ،پنجاب میں اور ڈویژن تو بن گئے لیکن تاریخی ضلع جھنگ سے کئے گئے وعدے کو بھلا دیا گیا ،جس سے عوام میں احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے۔  

مزیدخبریں