الیکشن کمیشن میں جے یو آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کا فیصلہ محفوظ

Sep 18, 2024 | 11:57 AM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن میں جے یو آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیاگیا۔

سما ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن میں جے یو آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کی سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے کہاکہ جے یو آئی کے انٹراپارٹی الیکشن 5سال کیلئے تھے،وکیل جے یو آئی نے کہاکہ ہمارے ناظم اور اسلام آباد وگلگت بلتستان میں الیکشن ہو چکے ہیں،صوبائی سطح پر پارٹی انتخابات جاری ہیں،صوبائی الیکشن کے بعد وفاقی سطح پر الیکشن ہوں گے،ہمارے الیکشن پر کافی وقت لگتا ہے، عام انتخابات کے باعث زیادہ تاخیر ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ کے کون کون سے الیکشن اس وقت رہتے ہیں؟وکیل جے یو آئی نے کہاکہ 2سطح کے انٹراپارٹی الیکشن ہونے باقی ہیں،وکیل جے یو آئی نے الیکشن مکمل کرانے کیلئے 60دن کی مہلت مانگ لی،چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا پہلے التوا مانگا گیا تھا؟وکیل نے کہاکہ جی پہلے ہمیں وقت دیا گیا تھا، اب بھی 60دن درکار ہیں،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ یہ تو بہت زیادہ وقت ہے،وکیل جے یو آئی نے کہاکہ ہم 60دن سے پہلے ہی الیکشن کمیشن کرا لیں گے،آئینی ترمیم بھی ساتھ چل رہی ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ آئینی ترمیم سے تو پارٹی الیکشن کا کوئی معاملہ نہیں، الیکشن نہ کرانے پر انتخابی نشان، پارٹی ڈی نوٹیفائی ہو سکتی ہے۔الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزیدخبریں