لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہاہے کہ چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے اور اس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے، تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہیں گے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں 76واں اجلاس ہوا، جس میں گورننگ بورڈ کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
اجلاس میں گورننگ بورڈ کے اراکین چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر احمد، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، پی ایس ایل کے ہیڈ سلمان نصیر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت ہوئے۔
شرکاء کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، اسکے علاوہ اسٹیڈیمز کی تعمیر نو پر بھی بریفنگ دی گئی۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے گورننگ بورڈ کو چیمپئینز ٹرافی سے متعلق اعتماد میں لیا، اس موقع پر اراکین نے آئی سی سی ٹورنامنٹ پر چئیرمین کے اصولی موقف کوسراہا۔
محسن نقوی نے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن سے ہی پاکستان اور کرکٹ کی جیت کی بات کر رہا ہوں، بورڈ چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے ہر لحاظ سے تیار ہے۔
انہوں نے اپنے موقف کو دہرایا کہ چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان کی عزت ہے اور اس پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے، تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہیں گے، ہمارے شائقین کرکٹ تمام ٹیموں کو اپنے گراؤنڈز پر کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست کے خلاف ہوں، اس کھیل سے کروڑوں شائقین محبت کرتے ہیں، ہمیں اس میں سیاست کو نہیں لانا چاہیے۔