امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کردی

Jan 19, 2025 | 12:21 PM

نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کرپٹو کرنسی لانچ کردی جس کا نام ٹرمپ ڈالر رکھا گیا ہے۔ نئی کرنسی لانچ ہوتے ہی اس کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جاری کی گئی کرپٹو کرنسی ٹرمپ ڈالر کی لانچ ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر مارکیٹ کیپٹلائزیشن کئی ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم اور ایکس پر پوسٹ کئے گئے ایک پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سکے کی نقاب کشائی کی، جسے کسی خاص شخصیت، تحریک یا وائرل انٹرنیٹ ٹرینڈ کی مقبولیت سے فائدہ اٹھانے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سکے کی آفیشل ویب سائٹ پر جولائی 2024ء میں ریپبلکن کے خلاف قتل کی کوشش کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’یہ ٹرمپ میم ایک ایسے رہنماء کا جشن مناتا ہے جو پیچھے نہیں ہٹتا، چاہے کوئی بھی رکاوٹ کیوں نہ ہو‘۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح تک ٹرمپ ڈالر کیلئے مارکیٹ کیپٹلائزیشن تقریباً 6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، نہ تو ٹرمپ اور نہ ہی فائٹ فائٹ ایل ایل سی کا انتظام کرنیوالی کمپنی نے اس بارے میں تفصیلات فراہم کیں کہ انہوں نے میم سکوں کی ابتدائی کھیپ سے کتنا کمایا۔

سکے کی آفیشل ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ 200 ملین میم سکے جاری کئے گئے ہیں۔ فائٹ فائٹ کا کہنا ہے کہ اگلے 3 سالوں میں مزید 800 ملین سکوں کا اضافہ کیا جائے گا۔

ابتداء میں کرپٹو کرنسی کے مخالف ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024ء کی صدارتی مہم کے دوران اچانک اپنا مؤقف بدل لیا اور اس تصور کے حامی بن گئے۔ انہوں نے اس شعبے کو ضوابط میں نرمی کے ذریعے ترقی دینے کا وعدہ کیا۔
 

مزیدخبریں