دلی (ویب ڈیسک) بھارت میں کالے جادو کے الزام پر بزرگ خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر غلاظت پینے پر مجبور کیا گیا۔شکایت کے مطابق بزرگ خاتون اپنے گھر میں اکیلی تھی کہ پڑوسی نے اسے پکڑا اور کالے جادو کا الزام لگایا، جس پر گاؤں والوں نے مبینہ طور پر خاتون کو پہلے تھپڑ اور پھر لکڑی سے مارا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مہارشٹرا کے گاؤں ریتیہ کھیڑا میں پیش آیا جہاں پڑوسی نے 77 سالہ بزرگ خاتون کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا۔
اس حوالے سے پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ بزرگ خاتون کے ساتھ یہ سلوک گزشتہ سال کے آخری مہینے دسمبر میں کیا گیا، خاتون کا ایک بیٹا اور بہو ہے جو اپنی ملازمت کی وجہ سے گھر پر موجود نہیں تھے، واقعے کا علم رواں ہفتے اس وقت ہوا جب بیٹے اور بہو کی جانب سے پولیس کو شکایت درج کروائی گئی۔
خاتون کے ہاتھوں اور ٹانگوں پر لوہے کی گرم سلاخیں لگا کر بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اسے انسانی غلاظت پینے اور کتے کا فضلہ کھانے پر مجبور کیا گیا ، خاتون کے گلے میں چپلوں کا ہار پہنایا گیا اور پھر باندھ کر اسے گاؤں میں پریڈ بھی کروائی گئی۔پولیس کے مطابق واقعے کی حقیقت جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔