لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امراء رائیونڈ میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات بھی زیر غور آئے۔
"ڈان نیوز "کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جاتی امراء رائیونڈ پہنچے جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں، ملاقات 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔
ملاقات میں تینوں رہنماؤں نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جب کہ وزیراعظم شہبازشریف نے نواز شریف کو ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال سے آگاہ کیا اوراہم امور پر مشاورت کی۔اس کے علاوہ ملاقات میں پی ٹی آئی سے ہونے والے سیاسی مذاکرات بھی زیر غور آئے، مذاکراتی کمیٹیوں کی ملاقات کے دوران پیش کیے جانے والے تحریک انصاف کے تحریری مطالبات کے جواب پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات میں گفتگو میں کہا گیا کہ ملک کی معاشی بدحالی دور کرنے کے لیے حکومت کی کوششیں رنگ لائی ہیں، مہنگائی کےگراف میں خاطرخواہ کمی آئی ہے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر نے مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔بعد ازاں، وزیراعظم شہباز شریف ملاقات کے بعد واپس ماڈل ٹاؤن روانہ ہوگئے۔