سوئی گیس کے کم پریشر کو حل کرنے کیلئے 8انچ کی نئی پائپ بچھائی جارہی ہے: محمود خان

May 19, 2020


پشاور (سٹاف رپورٹر)ضلع سوات کے علاقے سیدو شریف اور مینگورہ میں موسم سرما میں سوئی گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے آٹھ انچ کی نئی پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جبکہ مٹہ کو سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح اس سال ستمبر کے مہینے میں کیا جائیگا۔ یہ بات پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے وفاقی وزیر برائے توانائی و بجلی عمر ایوب کی ملاقات کے دوران بتائی گئی۔ ملاقات میں صوبے کے مختلف علاقو ں میں سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی کے منصوبوں سے متعلق مختلف امور اور اس حوالے سے عوامی مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن اور پیسکو کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاوہ سوات کے علاقے مینگورہ اور سیدو شریف میں موسم سرما کے دوران گیس کے کم پریشر اور اس کے نتیجے میں لوگوں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس مسئلے کا مستقل بنیادوں پر حل کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سوئی ناردرن گیس کے حکا م کی طرف سے بتایا گیا کہ سوات کے مذکورہ علاقوں میں گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے آٹھ انچ کی نئی لائن بچھانے پر کام جاری ہے جسے ان علاقوں میں گیس کی کم پریشر کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائیگا۔ حکام نے مزید بتایا کہ سوات کے علاقہ مٹہ کو بھی سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری ہے اور اس سال ستمبر کے مہینے میں علاقے کو سوئی گیس کی فراہمی کا افتتاح کیا جائیگا۔ حکام نے مزید بتایا کہ اس وقت سوات کے مختلف علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی کے دو بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کے بیشتر دیہات کو گیس کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ وزیراعلیٰ نے پیسکو حکام کو کبل گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے علاوہ علاقے میں بجلی کی فراہمی کے دیگر منصوبوں پر بھی کام کی رفتار کو تیز کرنے اور اس سلسلے میں ٹھوس پیشرفت کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عمر ایوب نے سوئی ناردرن گیس کے حکام کو ہدایت کی کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے ایک ٹھوس لائحہ عمل تکمیل دے کر وزیراعلیٰ کو پیش کیا جائے اور اس پر پیش رفت کے بارے انہیں باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی گیس کے کم پریشر کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضم شدہ اضلاع میں بھی ترقیاتی کاموں کے لئے ای ٹینڈرنگ، ای بڈنگ، ای ورک آرڈ اور ای بلنگ کا نظام متعارف کروایاجائے تاکہ ان منصوبوں میں شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حکام کو مزید ہدایت کی ہے کہ اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ضم شدہ اضلاع کے زیادہ پسماندہ علاقوں کو خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ان علاقوں کو ترقی کے میدان میں دیگر علاقوں کے برابر لایا جاسکے۔ وہ پیر کے روز اگلے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس صدارت کر رہے تھے جس میں اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مواصلات و تعمیرات، ہاؤسنگ اور آبنوشی کے شعبوں کی مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ صوبائی وزراء اور انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور سیکرٹری ترقی و منصوبہ بندی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو مذکورہ شعبوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، ان منصوبوں کے لئے جاری کردہ فنڈز کے استعمال کی صورتحال اور نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مجوزہ منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو پہلی ترجیح دی جائے گی تاہم ضرورت کی بنیاد پر نئے ترقیاتی منصوبے بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے جائیں گے۔ انہوں متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت حتمی شکل دینے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

مزیدخبریں