راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) ہری پور ہزارہ کے علاقے ٹلوکر میں دولہا نے شادی کی تقریب میں اپنے سسر کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق قاضی فیصل نامی دولہا اور اس کے سسر زاہد کے مابین تصاویر بنانے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی۔ زاہد تصاویر بنا رہا تھا، جس سے فیصل نے منع کیا اور نہ رکنے پر فائرنگ کر دی۔
گولیاں لگنے سے زاہد کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ فائرنگ سے دیگر کئی لوگ زخمی بھی ہو گئے جن میں دولہا کا والد عبدالوحید اور دلہن کی والدہ بھی شامل ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو ملزم فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، جسے پولیس نے گرفتار کر لیا۔