حکومت خود بجلی سپلائی کرلے،سی ای او کے الیکٹرک سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے سامنے پھٹ پڑے

Sep 19, 2024 | 06:08 PM

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے کہا ہے کہ حکومت ہمارا لائسنس منسوخ کرکے خود بجلی سپلائی کرلے۔ 

سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی ممبران اور سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے شرکت کی، اس موقع پر مونس علوی کا کہنا تھا کہ بجلی کے ریٹ ہم طے نہیں کرتے، ہم سرینڈر کرتے ہیں، اس پر کمیٹی ممبران مونس علی کے سامنے خاموش ہوگئے۔شبیر قریشی نے کہا کہ آپ لوگ لوڈ شیڈنگ کرتے ہیں اور جواز بجلی چوری کا پیش کرتے ہیں، آپ کے پاس ادارے موجود ہیں بجلی چوری کو روکیں۔جماعت اسلامی کے محمد فاروق کا کہنا تھا آپ نے سمجھ رکھا ہے کہ جماعت اسلامی آپ کی دشمن ہے، کے الیکٹرک کے ساتھ گزشتہ میٹنگ میں جو باتیں طے ہوئی ان پر بھی عمل نہیں کیا گیا، ڈملوٹی سے تین اضلاع کو پانی فراہم کیا جاتا ہے وہاں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے، اسی کے ساتھ جہاں ملیر کینٹ کا پمپ ہے، وہاں لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے نا کوئی اور مسئلہ ہوتا ہے، سویلین کی طرف جہاں سے پانی جاتا ہے وہاں سارے مسئلے ہیں۔پی پی پی کے سلیم بلوچ نے کہا کہ اگر ایک پی ایم ٹی پر سو میں سے چالیس لوگ بل نہیں بھرتے تو باقی ساٹھ کو اسکی سزا کیوں دی جاتی ہے، میری تجویز ہے کہ واٹر پمپس کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنی قرار دیا جائے تاکہ پانی کی سپلائی نا رکے۔

مزیدخبریں