بابر اعظم نے دھونی کا اہم ترین ریکارڈ توڑ دیا

Dec 20, 2024 | 03:51 PM

کیپ ٹاؤن(ڈیلی پاکستان آن لائن)جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے دوسرے ون ڈے میں نصف سینچری بنانے والے بابراعظم نے سابق بھارتی وکٹ کیپر بلے باز مہندرا سنگھ دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

سپورٹس کیڈا کی رپورٹ کے مطابق بابراعظم نے سینا ممالک کیخلاف مہندرا سنگھ دھونی کی جانب سے بنائی گئی نصف سینچریوں کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔بابراعظم نے جنوبی افریقا کیخلاف سیریز کے دوسرے میچ میں 73 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جس میں 7 چوکے شامل تھے۔ نصف سینچری کیساتھ بابر اعظم سینا ممالک کیخلاف 39 ففٹیز بنانے کا ریکارڈ قائم کردیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی وکٹ کیپر بیٹر مہندرا سنگھ دھونی کے پاس تھا جنہوں نے سینا ممالک کیخلاف 38 ففٹیز بنارکھی تھی۔قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے 300 سے زائد انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں جن میں 14 ہزار سے زائد رنز شامل ہیں جبکہ 31 سینچریاں اور 95 نصف سنچریاں سکور کررکھی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔

مزیدخبریں