پنجاب بھر میں مزید 600 ڈے کیئر سینٹرز قائم کیے جائیں گے: پارلیمانی سیکرٹری سعدیہ تیمور کا تقریب سے خطاب

Dec 20, 2024 | 08:56 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) قومی ورکنگ ویمن ڈے کے موقع پر گورنمنٹ یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس میں خواتین کی جدوجہد، کامیابیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں مختلف شعبوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے ورکنگ خواتین کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ایک پینل ڈسکشن بھی منعقد کیا گیا جس میں پنجاب کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والی طالبات نے اس موضوع پر تقاریر کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری سعدیہ تیمور نے کہا کہ ورکنگ خواتین صرف دفاتر میں کام کرنے والی خواتین نہیں بلکہ گھروں میں کام کرنے والی خواتین بھی ورکنگ ویمن کہلانے کی حقدار ہیں۔  خواتین بیک وقت کئی محاذوں پر کام کر رہی ہوتی ہیں، اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے۔

سعدیہ تیمور نے مزید کہا کہ محکمہ ترقی خواتین کے دو اہم منصوبے، ورکنگ ویمن ہاسٹلز اور ڈے کیئر سینٹرز، خواتین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈے کیئر منصوبے کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے ہیں، جس کے تحت پنجاب بھر میں مزید 600 ڈے کیئر سینٹرز قائم کیے جائیں گے، جبکہ اب تک 500 سینٹرز پہلے ہی قائم کیے جا چکے ہیں۔

مزیدخبریں