کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی کارڈ بنوانے والوں کی بڑی پریشانی ختم کردی ، اب لمبی قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں۔
نجی ٹی وی سما کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے شہرقائد کے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے بائیکر سروس متعارف کرائی گئی، جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنواسکیں گے۔
نئی سروس کے ذریعے شہری نادرا آفس جائے بغیر اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈزکے لئے درخواست دے سکتے ہیں یا اپنے گھر یا دفتر میں اپنی معلومات کو اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔
خصوصی گفتگو میں ڈی جی نادرا احتشام شاہد نے کہا کہ شہری گھر بیٹھے شناختی کارڈ اپ ڈیٹ کراسکیں گے، سہولت سے استفادے کیلئے 1ہزار روپے سروس چارجز ادا کرنا ہوں گے۔ بائیکرسروس کے ذریعے کارڈ کی تجدید،ب فارم بنوایا جاسکے گا۔
شہریوں کو 7000 یا 111786100 پر کال کرنا ہوگی، کال سینٹر پرشہری سے ایڈریس اور مطلوبہ سہولت سے متعلق پوچھا جائےگا، ابتدائی طور پر کراچی میں3،حیدرآباد اور میرپورخاص میں ایک بائیکر رائیڈر ہوگا۔
ایک بار جب آپ کا شناختی کارڈ یا دوسری دستاویز تیار ہو جائے گی، نادرا اسے آپ کی دہلیز پر پہنچا دے گا، آفس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ خیال رہے کہ یہ سروس گزشتہ سال سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں دستیاب ہے۔